کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی 355 پوائنٹس کا اضافہ 4 حدیں بحال

انڈیکس 22721.22 پر آ گیا، 57.60 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں، مالیت میں مزید 70 ارب 75 کروڑ 80 لاکھ روپے کا اضافہ


Business Reporter July 10, 2013
368 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،212 کے بھاؤ میں اضافہ، 133 کے داموں میں کمی اور23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ فوٹو: اے ایف پی

ماہ صیام سے قبل تمام شعبوں کی مخصوص کمپنیوں کے حصص میں خریداری، کمپنیوں کا رزلٹ سیزن شروع ہونے اور سیونگ اکاؤنٹ ہولڈرز کے شرح منافع میں ممکنہ کمی کے سبب ایم سی بی اور نیشنل بینک کے حصص میں سرمایہ کاری بڑھنے جیسے عوامل کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی نمایاں تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی 22400، 22500، 22600 اور22700 کی چار نفسیاتی حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں۔

تیزی کے سبب 57.60 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید70 ارب75 کروڑ80 لاکھ52 ہزار 216 روپے کا اضافہ ہوگیا، ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ ماہ صیام کے دوران حصص مارکیٹ میں کاروباری دورانیے اور حجم میں نمایاں کمی واقع ہوگی جس کی وجہ سے سرمایہ کاری کے بیشترشعبوں نے ماہ صیام سے قبل ہی حصص کی وسیع پیمانے پر خریداری کو ترجیح دی جو تیزی برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوئی ہے۔

ٹریڈنگ کے دوران بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر91 لاکھ 53 ہزار 676 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ غیرملکیوں کی جانب سے69 لاکھ 96 ہزار 60 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے 21 لاکھ 38 ہزار 506 ڈالر اور مقامی کمپنیوں کی جانب سے 19 ہزار 110 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی اور اس سرمایہ کاری کے سبب مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل قائم رہا۔



تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 355.50 پوائنٹس کے اضافے سے22721.22 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس357.26 پوائنٹس کے اضافے سے 17663.93 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 362.79 پوائنٹس کے اضافے سے 39851.40 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت7.85 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 35 کروڑ12 لاکھ14 ہزار 490 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 368 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 212 کے بھاؤ میں اضافہ 133 کے داموں میں کمی اور23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں یونی لیور فوڈز کے بھاؤ 139 روپے بڑھکر 4889 روپے اور وائتھ پاکستان کے بھاؤ 67.69 روپے بڑھ کر 1878.94 روپے ہوگئے جبکہ باٹا پاکستان کے بھاؤ 83 روپے کم ہوکر 1701 روپے اور کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ 37.49 روپے کم ہوکر1862.50 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں