2019 میں پی سی بی میں3 پرانے چہروں کی واپسی ہوگی

نغمی،وسیم باری اورسمیع الحسن حصہ بنیں گے،وسیم خان نئی شروعات کیلیے تیار


Express News December 30, 2018
نغمی،وسیم باری اورسمیع الحسن حصہ بنیں گے،وسیم خان نئی شروعات کیلیے تیار فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نئے سال کا آغاز تین پرانے چہروں کی واپسی کے ساتھ ایک نئے ایم ڈی سے کرنے جا رہا ہے ان میں2 سابق چیف آپریٹنگ آفیسرز شفقت نغمی اور وسیم باری کے ساتھ سابق جی ایم میڈیا سمیع الحسن برنی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق سربراہ ڈاکٹر نسیم اشرف کے دور میں شفقت نغمی 2006 سے 2008 تک ایک طاقتورچیف آپریٹنگ آفیسر کے طورپر بورڈ میں وقت گزار چکے ہیں، وہ اب ایک نئی متعارف کردہ پوسٹ چیف اسٹرٹیجی امپلیمینٹیشن کی ذمے داریاں سنبھال رہے ہیں، مجوزہ ذمہ داریوں کے مطابق نغمی بورڈ کے زیرانتظام 8 اسٹیڈیمز قذافی لاہور، نیشنل اسٹیڈیم کراچی،ملتان اسٹیڈیم، پنڈی اسٹیڈیم، ایبٹ آباد اسٹیڈیم،بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ،میرپور اسٹیڈیم اورگڑھی خدا بخش اسٹیڈیم کے انتظامی اخراجات میں کمی اور دیگرتمام معاملات دیکھیں گے، وہ مختلف محکموں کے ساتھ روابط میں بہتری اور بورڈ کے ٹیکس امورکے بھی نگران ہوں گے۔ ڈاکٹر نسیم اشرف کی رخصتی کے بعد پی سی بی کی باگ دوڑ سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے سنبھالی تو شفقت نغمی مستعفی ہوکرگھر چلے گئے تھے۔

اعجاز بٹ نے ان کی جگہ وسیم باری کا بطورچیف آپریٹنگ آفیسر تقررکیا ، 70 سالہ سابق ٹیسٹ کرکٹر مختلف ادوار میں چیف سلیکٹر، ٹیم منیجر اور پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ میں بننے والے ٹریبیونل ممبر کے طور پر بھی کام کا تجربہ رکھتے ہیں، انھیں اب ہیڈآف ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی کے لیے کنٹریکٹ لیٹربھجوا دیاگیا ہے۔ صحافت میں 30سال اور آئی سی سی میں 12 برس تک کام کرنے والے سمیع الحسن برنی2004 میں جنرل مینجر میڈیا کے طور پر فرائض بطریق احسن نبھا چکے ہیں، وہ اب جنوری کے پہلے ہفتے سے بطورڈائریکٹرمیڈیا معاملات دیکھیں گے، سمیع بورڈ اور میڈیا کے درمیان پل کا کردار اداکریں گے۔

ذرائع کے مطابق تمام شعبوں کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ میں مزید تبدیلیوں اور تقرریوں کی لہر پی سی ایل میچز مکمل ہونے کے بعد آئے گی، نئی متعارف کردہ منیجنگ ڈائریکٹرکی پوسٹ پر وسیم خان فروری میں بورڈکو جوائن کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں