جامعہ کراچی ڈگری کلاسز کے امتحانات تاخیر کا شکار

بی کام (ریگولر)2018کے امتحانات اب آئندہ سال لیے جائیں گے

بی کام (ریگولر)2018کے امتحانات اب آئندہ سال لیے جائیں گے فوٹوفائل

جامعہ کراچی انتظامیہ کی نااہلی کے سبب یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات میں بہتری کے بجائے شعبہ مزید تنزلی کاشکار ہوگیا ہے۔

پہلی بار جامعہ کے تحت ڈگری کلاسز کے امتحانات رواں سال کے بجائے آئندہ سال ہوں گے، قائم مقام ناظم امتحانات کا کہنا ہے کہ ایل ایل بی کے امتحانات دوبارہ لینے کی وجہ سے ڈگری کلاسز کے امتحانات میں تاخیرہوئی۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں ڈگری کلاسز کے سالانہ امتحانات گزشتہ برس 26دسمبر2017 سے شروع ہوئے تھے پہلے مرحلے میں بی کام (ریگولر)کے امتحانات لیے گئے تھے جبکہ دوسرامرحلہ جنوری اورفروری سے شروع ہوا تھا تاہم اب جنوری کے پہلے ہفتے تک امتحانی فارم جمع کیے جارہے ہیں ،بی کام (ریگولر) 2018کے امتحانات اب آئندہ برس2019 میں لیے جائیں گے جس کے سبب بی اے (ریگولر،پرائیویٹ)، بی ایس سی اوربی کام (پرائیویٹ) کے امتحانات بھی گزشتہ برسوں کی نسبت مزید تاخیرکاشکار ہوجائیں گے۔


دوسری جانب ایم اے کے سالانہ امتحانات کے نتائج تاحال جاری نہیں ہوئے ہیں اس امتحانات کے انعقادکو بھی کئی ماہ گزر چکے ہیں جبکہ کئی ماہ قبل منعقدہ ایم اے کے یہ امتحان بھی گزشتہ سیشن 2017کے تھے جن کانتیجہ اب 2018 میں بھی آنے کے امکانات معدوم ہیں، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق قائم مقام ناظم امتحانات ڈاکٹر عرفان عزیز کا کہنا ہے کہ مار چ میں عدالت نے ہمیں ایل ایل بی کے امتحانات دوبارہ لینے کی ہدایت کی تھی جس کے سبب شعبہ امتحانا ت کی ساری توجہ ان امتحان پر مرکوز تھی ، جس کے باعث ڈگری کلاسز کے امتحانات میں تاخیر ہوئی۔

امتحانی نتائج کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ آئندہ چند روز میں نتائج آنا شرو ع ہوجائیں گے، رواں برس امتحانات کے انعقادمیں حالیہ تاخیرگزشتہ امتحانی نتائج کا بروقت اجرا نہ ہونے، منصوبہ بندی کے فقدان اورکراچی کے سرکاری کالجوں کے پرنسپلزکاتاحال اجلاس نہ بلائے جانے کے سبب بتائی جارہی ہے۔

''ایکسپریس''سے بات کرتے ہوئے ایک سرکاری کالج کے پرنسپل کا کہنا تھا کہ سابق ناظم امتحانات پروفیسرڈاکٹرارشداعظمی کے دورمیں امتحانات کے انعقاد کے حوالے سے پرنسپلزکااعتمادمیں لیا جاتا تھا اوراسی بنیاد پرکالج پرنسپلزاپنے اساتذہ اورطلبہ کوامتحانات کی تیاری کے حوالے سے آگاہ کرتے تھے تاہم پورا اکیڈمک سیشن گزرجانے کے باوجود خود کالج پرنسپل نہیں جانتے کہ ڈگری کلاسز کے امتحانات کب شروع ہوں گے یہ پہلا موقع ہے جب دسمبرمیں ڈگری کلاسز کے امتحانات نہیں ہورہے ہیں،کالج پرنسپلزنے مزید بتایاکہ جامعہ کراچی نے بی کام کے امتحانات کے طریقہ کارکو مزید پیچیدہ کردیا ہے جس کے سبب طلبہ کی انرولمنٹ بی کام سے مسلسل کم ہورہی ہے اور بی کام کے نتائج کاتناسب 15فیصدتک رہ گیا ہے۔
Load Next Story