2018 تینوں خانز فلاپ باکس آفس پر کم بجٹ کی فلموں کا راج

رواں سال بالی ووڈ میں کم بجٹ کی فلمیں باکس آفس پر شاندار بزنس کرنے میں کامیاب رہیں


ویب ڈیسک December 30, 2018
سال 2018 میں شائقین پر بالی ووڈ خانز کا جادو نہ چل سکا۔

سال 2018 بالی ووڈ پر حکمرانی کرنے والے تینوں خانز شاہ رخ، سلمان اور عامر خان کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا جب کہ رواں سال ریلیز ہونے والی کم بجٹ کی فلمیں خانز کی فلموں پر بازی لے گئیں۔

سال 2018 میں بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے اپنی فلم 'ریس3'کے ساتھ سینما پر دبنگ انٹری دی لیکن شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہے۔ فلم'ریس3' کا بجٹ تقریباً 150 کروڑ تھا اور فلم نے بجٹ پورا بھی کیا لیکن 'ریس3'کو نہ صرف شائقین نے ناپسند کیا بلکہ تجزیہ نگاروں کی جانب سے بھی تنقید کا نشانہ بنایاگیا۔

بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان نے بھی اس سال بڑے بجٹ کی فلم 'ٹھگ آف ہندوستان' سے ہندی سینما میں تاریخ رقم کرنے کی کوشش کی لیکن حیرت انگیز طور پر ان کی فلم مداحوں کو ایک نہ بھائی اور 'ٹھگ آف ہندوستان' باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہوگئی۔ فلم کا بجٹ تقریباً 325 کروڑ تھا لیکن فلم نے 150 کروڑ کی کمائی کی۔



سال کے آخر میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اپنی فلم'زیرو'کے ساتھ آئے لیکن 200 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی فلم ریلیز کے ایک ہفتے بعد بھی 100 کروڑ کلب میں شامل نہ ہوسکی لہٰذا سال 2018 میں شائقین پر بالی ووڈ خانز کا جادو نہ چل سکا۔



دوسری جانب کم بجٹ سے بننے والی فلمیں حیرت انگیز طور پر باکس آفس پر شاندار بزنس کرنے میں کامیاب رہیں اوران فلموں کو شائقین اورتجزیہ نگاروں کی جانب سے بھی بے حد سراہاگیا۔

رواں سال 24 کروڑ کے کم بجٹ سے بننے والی فلم'استری'کو شائقین کی جانب سے زبردست ردعمل ملا راجکمار راؤ اور شردھا کپور کی فلم نے تقریباً 124 کروڑ کا بزنس کیا اور سپر ہٹ قرارپائی۔



رواں سال 30 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی فلم'سونو کی ٹیٹو کی سوئٹی' اسٹار کاسٹ نہ ہونے کے باوجود شائقین کو سینما تک لانے میں کامیاب ہوگئی۔ فلم نے 148 کروڑ کا بزنس کیا۔



سال 2018 میں اداکار آیوشمان کھرانا 2 کامیاب فلموں کے ساتھ شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے 30 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی فلم'اندھا دھن'میں ان کے ساتھ اداکارہ تبو نے اداکاری کے جوہر دکھائے، فلم نے ایک سو ایک کروڑ کی کمائی کی، جب کہ ان کی دوسری فلم'بدھائی ہو'کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا 29 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی فلم نے 135 کروڑ کا بزنس کرکے سب کو حیران کردیا۔



ان تمام فلموں میں کوئی بڑا اسٹار نہیں تھا اور بجٹ بھی کم تھا لیکن یہ فلمیں موضوع اورکہانی کے اعتبار سے منفرد تھیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے بجٹ سے 5 گنا زیادہ کمائی کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں