پاکستان میں غداروں کی کوئی کمی نہیں شیخ رشید

اسامہ بن لادن کے خلاف کمپاؤنڈ پر آپریشن کنڈکٹ کرنے میں بہت لوگ ملوث ہیں.


Monitoring Desk July 10, 2013
ایم کیو ایم بھی عمران فاروق کے قاتلوں کی گرفتاری چاہتی ہے،کل تک میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

پاکستان عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ پر آپریشن کنڈکٹ کرنے میں بہت سے لوگ ملوث ہیں۔

ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ شائع کردینی چاہیے، سرحدوں پرجو لوگ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں ان کے حق میں کلمہ خیرکہنے والا کوئی نہیں۔افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد دوست افغانستان پاکستان کیلیے بہت ضروری ہے، ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک کے میزبان اسد اللہ خان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ اس بات کو رد کرتے ہیں کہ اسامہ بن لادن2001 میں وفات پا چکے تھے، ان کو سال یاد نہیں تاہم وہ اس وقت وزیر تھے جب الیبی نامی شخص پکڑا گیا جس سے پہلی بار یہ تصدیق ہوئی کہ اسامہ بن لادن زندہ ہے، اس کے بعد اسامہ کے ہم شکل کو جیپ چلاتے ہوئے قبائلی علاقے میں دیکھاگیا، سیٹلائٹ سے اس کی نگرانی کی گئی، وہ افغانستان چلاگیا۔ وہاں افغان اور پاکستان کی فورسز نے مشترکہ آپریشن کیا توگرفتاری پر پتہ چلا کہ اس کا نام مولوی اکبر ہے۔



 

اسامہ کے خلاف آپریشن کے بعد انھوں نے چیک کیا تو جس گلی میں اسامہ رہ رہے تھے اس کے گرد ونواح میں ایجنسیوں کے دفاتر تھے، شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں غداروں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انھوں نے کمیشن کے سامنے ثبوت دیے کہ ایک ایک دن میں پانچ ، پانچ ہزار امریکیوں کو ویزے دیے گئے، یہ ویزے صدر کی تحریری منظوری یا اشارے کے بغیر نہیں جاری ہوسکتے تھے، آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کے بارے میں انھوں نے کہا کہ وہ تو پہلے ہی کہتے تھے منشی جی ایسا ہی کرینگے۔

شیخ رشید نے کہا کہ الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کے خلاف اپنے کیس کی تیاری کرنی چاہیے، ایسے کیس میں وقت لگتا ہے، ہو سکتا ہے کہ ایم کیو ایم اپنا کیس کلئیر کر لے کیونکہ کراچی کے تاجر ان کے ساتھ ہیں۔ جہاں تک عمران فاروق قتل کیس کا سوال ہے ایم کیو ایم خود چاہتی ہے کہ انکے قاتل پکڑیں جائیں، انھوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اگر انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی گئی تو وہ ضرور اس میں شرکت کرینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں