پیپلزپارٹی کے ایم پی ایز ہم سے رابطے کر رہے ہیں علی زیدی   

سندھ میں خوف کا ماحول ختم ہورہا ہے، وفاقی وزیر بحری امور


ویب ڈیسک December 30, 2018
سندھ میں خوف کا ماحول ختم ہورہا ہے، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ سندھ میں خوف کا ماحول ختم ہورہا ہے اور پیپلزپارٹی کے ایم پی ایز ہم سے رابطے کر رہے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا کہنا تھا کہ سندھ میں تعلیم، صحت کے مسائل ہیں، پیپلزپارٹی نے پورے سندھ میں تباہی مچا دی ہے، اندرون سندھ میں اسپتالوں اوراسکولوں کا براحال ہے لیکن اب سندھ میں خوف کا ماحول ختم ہورہا ہے، پگڑیاں اور ٹوپیاں پہن کر عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جاسکے، سندھ میں کرپشن اور ظلم کا نظام نہیں چلنے دیں گے، اب کوئی غلط کام نہیں چھپایا جائے گا اور ایسا کرنے والے شریک جرم ہیں۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو آخر پریشانی کس بات کی ہے، یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کیوں خائف ہیں، پی پی پی نے عجیب کیفیت طاری کی ہوئی ہے، ادارے جب کام کرنا شروع ہوگئے ہیں تو یہ دیواروں پرسرمارتے پھررہے ہیں، ان سے سوال پوچھو تو یہ اسٹیبلشمنٹ کے پیچھے پڑجاتے ہیں، آج جب مراد علی شاہ کا نام جے آئی ٹی میں آیا تو کیوں استعفا نہیں دے رہے، جب نوازشریف پرجےآئی ٹی بنی تو پیپلزپارٹی نواز شریف سےاستعفے کا مطالبہ کررہی تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں اداروں کو بند کردیں، آئین کو ختم کردیں، پیپلزپارٹی رائے ونڈ جاکر احتجاج کرے کیوں کہ کیسز تو (ن) لیگ نے بنائے لیکن ان کومشورہ دیتا ہوں، خدا کے واسطے قطری خط اور جعلی ٹرسٹ ڈیڈ جیسے راستے اختیار نہ کریں، آصف زرداری صاحب، گیم اوور، پیپلزپارٹی کے ایم پی ایز ہم سے رابطے کر رہے ہیں، پی پی کے جلسے کرانے والے ان سے جان چھڑانے کے لیے کہہ رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں