جعلی ڈگری کیس ایم پی اےشوکت عزیز اور خواجہ اسلام کی رکنیت معطلثمینہ خاور کے خلاف فیصلہ محفوظ

رکن پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی اور خواجہ محمد اسلام کا تعلق مسلم لیگ (ن) جبکہ ثمینہ خاور حیات کا مسلم لیگ (ق) سے ہے۔

الیکشن کمیشن آرٹیکل 62اور 63پر عمل کو یقینی بنائے، سپریم کورٹ۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں مسلم لیگ (ن) کے دو ارکان پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی اور خواجہ محمد اسلام کی رکنیت معطل جبکہ مسلم لیگ (ق) کی ایم پی اے ثمینہ خاور حیات کے خلاف فیصلہ محفوظ کر لیا۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے جعلی ڈگری کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران ثمینہ خاور حیات، شوکت عزیز بھٹی اور خواجہ محمد اسلام کی ڈگریوں پر جرح کی گئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ثمینہ خاور حیات نے 2008 میں رفاع یونیورسٹی کی ڈگری داخل کی جو جعلی تھی جس کے بعد انہوں نے پرسٹن یونیورسٹی کی ڈگری پیش کی وہ بھی جعلی لگتی ہے، انہوں نے کہا کہ ثمینہ خارو حیات تسلیم کریں کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت انہوں نے خود کو بی بی اے یا بی اے اکنامکس ظاہر کیا تھا۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ طارق محمود نے کہا کہ ڈگری سےمتعلق ٹرائل چل رہا ہے، عدالت ٹرائل کو چلنے دے اور نوٹس خارج کر دے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جعلی ڈگری کیس میں عدالت قرار دے چکی ہے کہ ایک بار کی نااہلی تاحیات نااہلی ہے،عوامی نمائندے کسی بھی طرح سے بدعنوان نہیں ہونا چاہیں۔


سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نےعدالت کو بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے گوجر خان سے رکن پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی نے 2008کے انتخابات میں کاغزات نامزدگی کے ساتھ جو ڈگری منسلک کی تھی وہ کسی شوکت عزیز شیخ کی تھی ،جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پھر شوکت عزیز بھٹی کو ڈی نوٹی فائی کیوں نہیں کیا ،ملک کا آئین 1973سے بنا ہوا ہے الیکشن کمیشن آرٹیکل 62اور 63پر عمل کو یقینی بنائے ، الیکشن کمیشن نے اپنے اختیارات کیوں استعمال نہیں کیے، عدالت کا کہنا تھاکہ ایچ ای سی سے ان کی پوزیشن کلیئر ہونے تک شوکت عزیز بھٹی کی رکنیت معطل رہے گی۔

عدالت نے فیصل آباد سے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ محمد اسلام کی رکنیت بھی معطل کردی، خواجہ محمد اسلام کے وکیل نے ڈگریوں کی تصدیق کے معاملے پر مہلت مانگی جس پر عدالت نے صرف اس معاملے پر سماعت 18 جولائی تک ملتوی کردی ۔

Recommended Stories

Load Next Story