ایکسپریس فورم 2019 خوشخبری کا سال خرابیاں دور معیشت مستحکم ہوگی ماہرین نجوم

سابق و موجودہ حکمرانوں کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے، انتظار حسین زنجانی، پی ٹی آئی حکومت 5 سال پورے کرے گی، یاسین وٹو

دنیا تیسری عالمی جنگ کی جانب جا سکتی ہے، مصور علی زنجانی، اتار چڑھاؤ جاری رہے گا، حالات متوازن نہیں ہوں گے، نائلہ ادریس

سال 2019 اینٹی وائرس ہے جو سسٹم کی تمام خرابیوں کو دور کرے گا، یہ نئی شروعات، آسانیوں اور خوشخبریوں کا سال ہے، مضبوط اپوزیشن کے باوجود وزیراعظم عمران خان اپنا مشن جاری رکھیں گے، مسئلہ کشمیر میں پیش رفت ہوگی اور کرتار پور کوریڈور مکمل ہو جائے گا، سال کے آخر میں معیشت قدرے مستحکم ہوگی۔


2019 میں قدرتی آفات کا بھی خطرہ ہے تاہم پاکستان کو کوئی نقصان نہیں ہوگا، یہ پیش گوئیاں ماہرین علم الاعداد اور علم نجوم نے ''نیا سال 2019 کیسا ہوگا؟'' کے موضوع پر منعقدہ ''ایکسپریس فورم'' میں کیں، فورم کی معاونت کے فرائض احسن کامرے نے انجام دیے، ماہر علم نجوم سیدانتظار حسین زنجانی نے کہا کہ 2019 پاکستان کی اشرافیہ، حکمران اور عوام کی قربانیوں کا سال ہوگا، احتساب کا عمل جاری رہے گا، آئندہ برس قدرتی آفات، معاشی اتار چڑھاؤ اور سیاسی تبدیلیاں آسکتی ہیں، سابق و موجودہ حکمرانوں کی جان کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، حالات مڈٹرم الیکشن کی طرف جا سکتے ہیں، بظاہر ایسا نظر آئے گا کہ حالات خراب ہیں مگر معاملات بہتری کی جانب جائیں گے، علم الاعداد اور علم نجوم کے ماہر یاسین وٹو نے کہا کہ 2019 پاکستان کیلیے آسانیوں اور خوشخبریوں کا سال ثابت ہوگا، اسلامی اقدار کو فروغ ملے گا، حکومت مضبوط جبکہ اپوزیشن کمزور ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے، نواز شریف کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، شہباز شریف جیل سے رہا ہوں گے۔

مریم نواز کا مستقبل مخدوش نظر آرہا ہے، عمران خان کے ازدواجی تعلقات مزید خوشگوار ہوں گے، گورنر پنجاب چوہدری سرور تبدیل ہو سکتے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت اپنے 5 سال پورے کرے گی، آسٹرا لوجسٹ سید مصور علی زنجانی نے کہا کہ 2019 میںدنیا تیسری عالمی جنگ کی جانب جا سکتی ہے، مارچ اور اپریل معاشی دباؤ کے مہینے ثابت ہوں گے جبکہ 17 جون 2019ء سے عوام بہتری محسوس کرنا شروع کر دیں گے، آسٹرا لوجسٹ نائلہ ادریس نے کہا کہ 2019 میں اتار چڑھاؤ رہے گا اور حالات متوازن نہیں ہوںگے، عمران خان کی حکومت اور ان کی ذات کو 2019 میں خطرات لاحق ہیں، نواز، شہباز اور زرداری کی سیاست ختم ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔
Load Next Story