سندھ کابینہ میں شامل 9 نئے وزرا کو قلمدان سونپ دیئے گئے نوٹی فکیشن جاری

اویس مظفر ٹپی،مکیش کمار چاؤلہ،علی مردان شاہ اور گیان چند کو دو وزارتوں کے قلمدان سونپے گئے ہیں۔

محمد خان جونیجو وزیر اعلیٰ کے مشیر ہوں گے تاہم ان کا عہدہ صوبائی وزیر ہی کے مساوی ہوگا۔ فوٹو ایکپسریس نیوز

سندھ کابینہ میں شامل 9 نئے وزرا کو قلمدان سونپ دیئے گئے ہیں، نوٹی فکیشن کے مطابق اویس مظفر ٹپی کو وزیر بلدیات کا قلمدان دیا گیا ہے۔


نوٹی فکیشن کے مطابق صدر آصف زرداری کے منہ بولے بھائی سید اویس مظفر ٹپی کو بلدیات کے علاوہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے اس کے علاوہ سابق ڈور حکومت میں وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن کا محکمہ چلانے والے مکیش کمار چاؤلہ کو اس بار بھی یہی ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں، علی مردان شاہ کے پاس بہبود آبادی کے علاوہ صنعت و تجارت کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے، گیان چند صوبائی وزیر برائے جنگلات و جنگلی حیات مقرر کئے گئے ہیں تاہم وہ اقلیتی امور کی وزارت بھی سنبھالیں گے۔ روبینہ قائم خانی کو ترقی نسواں اور خصوصی تعلیم کا قلم دان دیا گیا ہے۔ دوست علی راہمو اوقاف اور زکواة و عشر اور جام خان شورو کو محکمہ لائیو اسٹاک کا چارج دیا گیا ہے جبکہ لیاری سے کامیاب ہونے والے جاوید ناگوری کچی آبادی کے وزیر ہوں گے۔

واضح رہے کہ ان وزرا کی حلف برداری آج ہی گورنر ہاؤس میں ہوئی اور ان سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے حلف لیا تھا۔
Load Next Story