کراچی گرومندر کے قریب خودکش حملہ صدرزرداری کے سیکورٹی چیف سمیت 3 افراد جاں بحق

دھماکے ميں بلاول ہاؤس کے سیکورٹی انچارج بلال شیخ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، پولیس ذرائع


ویب ڈیسک July 10, 2013
دھماکے میں بلاول ہاؤس کے سیکورٹی انچارج بلال شیخ کو نشانہ بنایا گیا۔ فوٹو: پی پی آئی

گرومندر میں واقع جامعہ بنوریہ کے قریب خود کش حملے کے نتیجے میں صدر آصف علی زرداری کے سیکورٹی چیف بلال شیخ سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ 11 زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق دھماکا جامعہ بنوریہ کے قریب ہوا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صدر زرداری کےسیکورٹی چیف بلال شیخ کی ڈبل کیبن گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں بلال شیخ سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ پولیس اہلکاروں سمیت 11 زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں 3 افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

ایس ایس پی راجا عمر خطاب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں حملہ خودکش نظر آ رہا ہے کیونکہ بلال شیخ آج اپنا راستہ تبدیل کرکے گھر جارہے تھے اور یہاں پھل لینے کے لیے رکے تھے، بلال شیخ کو جس قدر قریب سے نشانہ بنایا گیا ہے اس سے یہی بات سامنے آتی ہے کہ حملہ خودکش تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بلال شیخ کی گاڑی کا دروازہ کھلتے ہی خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دھماکے میں 6 کلو سے زائد دھماکا خیز مواد استعمال ہوا جس میں بڑی تعداد میں بال بیرنگ استعمال کئے گئے تھے۔

دھماکے کی آواز اس قدر شدید تھی کہ اسے کئی کلومیٹر دور تک سنا گیا، دھماکے سے قریبی گاڑیوں اور دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ پولیس اور دیگر تحقیقاتی ٹیموں نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

صدر آصف زرداری، وزیراعظم نوازشریف ، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بلال شیخ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں