ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے دو خواتین شہید 9 زخمی

پاک فوج نے شہری آبادی پر فائرنگ کرنے والی بھارتی پوسٹ کو موثر جواب دیا، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک December 31, 2018
شہری آبادی پر فائرنگ بزدلانا فعل ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول کے کیرن سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ سے دو خواتین شہید اور 9 زخمی ہوگئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے شاہ کوٹ سیکٹر میں شہری آبادی کو ہدف بنایا۔ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے دو خواتین شہید ہوئیں جن میں سے ایک خاتون کا نام آسیہ بی بی ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج نے شہری آبادی پر فائرنگ کرنے والی بھارتی پوسٹ کو موثر جواب دیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے آٹھ مقام کی شہری آبادی محصور ہوکر رہ گئی ہے جب کہ فائرنگ سے 9 خواتین زخمی بھی ہوئیں جنہیں فوری طور ڈی ایچ کیو اسپتال اٹھ مقام منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کیرن سیکٹر میں بھارتی فوج کی شہری آبادی پر براہ راست فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، ہندوستانی فوج نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ شہری آبادی پر فائرنگ بزدلانا فعل ہے اس طرح کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، ہندوستانی فوج کی خواہش ہے کہ سویلین آبادی ایل اوسی سے پیچھے ہٹ جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔