آصف زرداری اجازت دیں ایک ہفتے میں وفاقی حکومت گرادیں گے بلاول بھٹو

ہم پنجاب حکومت گرانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، چیرمین پیپلز پارٹی

ہم پنجاب حکومت گرانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، چیرمین پیپلز پارٹی فوٹو:فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آصف زرداری اجازت دیں اور صرف ایک اشارہ کردیں تو ہم ایک ہفتے میں تحریک انصاف کی وفاقی حکومت گرادیں گے۔

کراچی میں چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ترقی کے مخالفین چاہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تبدیل کردیا جائے لیکن عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے، آصف زرداری پر بھی پہلے بھی بہت سے مقدمے بنے اور انہوں نے گیارہ سال جیل میں گزارے، لیکن سب کیسز میں بری ہوئے، یہ بھی جھوٹا کیس ہے، اس سے بھی بری ہوجائیں گے۔


چیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت اور جے آئی ٹی کا گٹھ جوڑ اب بے نقاب ہوتا جارہا ہے، جے آئی ٹی رپورٹ جعلی اور جھوٹی ہے،اس رپورٹ پر عدالتوں میں قانون کے مطابق لڑیں گے اور ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، پی ٹی آئی کا وزیر رات دو بجے تک ایف آئی اے کے دفتر میں بیٹھا رہا، جے آئی ٹی صرف بہانہ تھا اور اصل نشانہ حکومت سندھ تھی، میرے خلاف کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔

سندھ میں گورنر راج لگنے سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر آصف علی زرداری اجازت دیں اور صرف ایک اشارہ کردیں تو ہم ایک ہفتے کے اندر وفاقی حکومت گرا کر دکھا سکتے ہیں بلکہ ان حکمرانوں کو جیل بھی بھیج سکتے ہیں، وفاق میں ان کی صرف 6 نشستوں کی برتری ہے اور پنجاب میں اس سے بھی کم اکثریت ہے، ہم پنجاب حکومت گرانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، پی پی پی کی سندھ اسمبلی میں 99 نشستیں ہیں اور پی ٹی آئی کو صوبائی حکومت گرانے کے لیے 45 ارکان کو توڑنا ہوگا، جب کہ اہم قانون سازی کے لیے 50 فیصد سے زیادہ ووٹ درکار ہوتے ہیں، اس لیے پی ٹی آئی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
Load Next Story