
آکلینڈ میں سال نو کے موقع پر ہزاروں شہریوں نے 2018ء کو الوداع کہا اور سحرانگیز آتش بازی کے ساتھ 2019ء کی آمد کا جشن منایا۔ موسیقی کی دھنوں پر رقص کیا گیا اور پُرتعیش ہوٹلوں میں لذیذ پکوان سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔
نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا میں جشنِ سالِ نو منایا گیا جس کے لیے سڈنی میں "ہاربر بریج " کو دلہن کی طرح سجایا گیا اور موسیقی کی دھن پر شاندار آتش بازی کی گئی۔ آسٹریلیا کے بعد جاپان، چین اور انڈونیشیا میں نئے سال کا جشن اپنے اپنے روایتی طریقوں سے منایا گیا۔
فرانس اور برطانیہ میں بھی سحرانگیز آتش بازی کے انتظامات کیے گئے، ہوٹلوں میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ میوزیکل کنسرٹ کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوگئیں۔ شہر کے اہم مقامات پر آتش بازی کے مظاہرے کیے گئے، بھارت، بنگلا دیش اور پاکستان کے شہری بھی سال نو کو خوش آمدید کہنے کے لیے بے چین رہے۔
سب سے آخر میں امریکا کے شہر نیو یارک میں سال نو کا استقبال پُر جوش طریقے سے کیا گیا۔ ٹائم اسکوائر پر کاؤنٹ ڈاؤن ہوا اور نیو ایئر ایو بال کو روشن کیا گیا ساتھ ہی آتش بازی کے دلفریب نظارے بھی دیکھنے میں آئے۔
نیویارک میں ہرسال کی طرح اس سال بھی 'نیو ایئر بال ڈروپنگ تقریب' اہم ترین روایت کے طور پر برقرار رہی، 12 ہزار پاؤنڈ وزنی بال کی تیاری میں مختلف سائز کے 2 ہزار 600 کرسٹل ٹرائی اینگلز استعمال کیے گئے جسے ''گفٹ آف ہارمونی'' یعنی ہم آہنگی کا تحفہ کا نام دیا گیا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔