فلم ’زیرو‘ میں بونے کا کردار شاہ رخ سے قبل رنویر کو آفر ہوا

شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ کو باکس آفس پر بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا


ویب ڈیسک December 31, 2018
شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ کو باکس آفس پر بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا (فوٹو: فائل)

باکس آفس پر ناکامی کا سامنا کرنے والی فلم 'زیرو' میں پستہ قامت شخص کا کردار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان سے قبل رنویر سنگھ کو آفر ہوا تھا۔

رواں سال شائقین کی توقعات کو بُری طرح دھچکا پہنچانے والی فلم 'زیرو' شاہ رخ خان کے ڈوبتے کیریئر کا سہارا ثابت نہ ہوسکی۔ کہا جارہا تھا کہ یہ فلم کنگ خان کے مقام کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے تاہم فلم کے بُری طرح فلاپ ہونے کے بعد جہاں شاہ رخ کو ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا وہیں رنویر سنگھ کے لیے یہ فلم نہ کرنا مثبت عمل ثابت ہوا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رنویر سنگھ کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی کہ ہدایت کار آنند ایل رائے کی فلم 'زیرو' میں پستہ قد (بونا) کے کردار کے لیے شاہ رخ خان سے قبل رنویر سنگھ پہلی ترجیح تھے اور اس حوالے سے بات چیت بھی ہوگئی تھی اور تمام تر معاملات بھی مکمل ہوگئے تھے۔

اُس وقت شاہ رخ خان کی جانب سے اس کردار کے لیے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی گئی تھی حتیٰ کہ انہیں اس وقت پروڈیوسر کے فرائض نبھانے کی آفر کی گئی تھی۔ اُس دوران رنویر سنگھ فلم کی شوٹنگ شروع کرنے کے قریب تھے لیکن اچانک فلم میکرز کی جانب سے فیصلہ تبدیل کردیا گیا اور رنویر سنگھ کے حصے میں آتی یہ فلم شاہ رخ خان کے مقدر کا حصہ بنی۔

یہ پڑھیں: رنویر کی فلم 'سمبا' نے شاہ رخ کی 'زیرو' کو پیچھے چھوڑدیا

ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ رنویر سنگھ کی زندگی میں ناکام ہوتی فلم 'زیرو' بہت اچھی ثابت ہوئی ہو بلکہ اس سے قبل 2015ء میں انوراگ کشیب کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'بمبئی ویلویٹ ' میں بھی انہیں کاسٹ کیا گیا تھا تاہم اچانک ہی اداکار کو بغیر بتائے فلم میں اُن کی جگہ رنبیر کپور کو شامل کرلیا گیا تھا اور سب ہی جانتے ہیں کہ بعد میں اُس فلم کے ساتھ کیا ہوا۔

واضح رہے کہ 21 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے والی فلم 'زیرو' میں شاہ رخ خان کے مد مقابل باربی ڈول کترینہ کیف اور انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیا۔ یہ فلم دو ہفتوں میں 50 کروڑ کا ہی بزنس کرسکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں