پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے 8 ہزارملازمین تنخواہ سے محروم

گرانٹ کے منظوری ہوتے ہی ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن ادا کی جائیں گی، ذرائع.

تنخواہیں نہ ملنے سے ملازمین مالی مشکلات کا شکار ہیں، مزدور رہنما خورشید احمد. فوٹو: گوگل

پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ ( پاک پی ڈبلیو ڈی )کے ملازمین کو تاحال جون کی تنخواہ نہیں مل سکی جس کی وجہ سے ملازمین مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کیلیے وزارت خزانہ سے 15کروڑ روپے کی اسپیشل گرانٹ طلب کی گئی ہے، اس گرانٹ کے منظوری ہوتے ہی مذکورہ ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن ادا کردی جائیں گی، ذرائع کے مطابق پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ نے گزشتہ مہینہ میں ملازمین کو مئی کی تنخواہیں اور پنشن ادا کردی تھیں اور جون کے مہینے کی تنخواہوں کیلیے محکمے کے پاس مطلوبہ فنڈز موجود نہیں ہیں۔




فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے پاک پی ڈبلیو ڈی کے ملک بھر میں 8 ہزار حاضر سروس اور 2 ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین تاحال جون کے مہینے کی تنخواہوں اور پنشن سے محروم ہیں، پاک پی ڈبلیو ڈی ورکرز سندھ کے صدر خورشید احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے ملک بھر میں موجود ملازمین کو اب تک تنخواہیں اور پنشن نہیں مل سکی ہیں ،انھوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کا آغاز ہوگیا ہے ، تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

انھوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے اپیل کی کہ وہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلیے فوری احکامات جاری کریں تاکہ مذکورہ ملازمین رمضان المبارک کی برکتوں سے فیضیاب ہوسکیں ،وزارت ہاؤسنگ کے ذرائع کے کہنا ہے کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کیلیے خصوصی گرانٹ کی سمری وزارت کو موصول ہوگئی ہے،ان ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کیلیے 15کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ حاصل کرنے کیلیے وزارت خزانہ کوسمری ارسال کردی گئی ہے ، اس سمری کی منظوری ہوتے ہی ان ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن آئندہ چند روز میں ادا کردی جائینگی۔
Load Next Story