اپیل کرنے والے دانش کنیریا کو لینے کے دینے پڑ گئے

انگلش بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی نے اخراجات کی مد میں 2 لاکھ پاؤنڈ کا بل پیش کر دیا

وکلا برطانوی ہائیکورٹ یا اسپورٹس ثالثی عدالت سے رابطے پرغور کررہے ہیں، سابق اسپنر۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

فکسنگ کیس میں تاحیات پابندی اور جرمانے کیخلاف اپیل کرنے والے پاکستانی لیگ اسپنر دانش کنیریا کو لینے کے دینے پڑ گئے، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی نے اخراجات کی مد میں 2 لاکھ پاؤنڈ کا بل پیش کردیا۔

کنیریا کا کہنا ہے کہ میرے پاس اتنی رقم ہے ہی نہیں، وکلا اب برطانوی ہائیکورٹ یا کھیلوںکی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرنے پر غور کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انگلش بورڈ نے دانش کنیریا پر کاؤنٹی کرکٹ میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ کیس میں تاحیات پابندی اور ایک لاکھ پاؤنڈ جرمانہ کردیا تھا، جس کے خلاف لیگ اسپنر نے اپیل کی جو مسترد ہوگئی۔

انھوں نے سزا میں کمی کے لیے دوسری اپیل کی اسے بھی ڈسپلنری پینل نے نامنظور کردیا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی کنیریا کی تاحیات پابندی کی توثیق کردی، ابھی وہ اس صدمے سے سنبھلے بھی نہیں تھے کہ ای سی بی کے ڈسپلنری پینل نے اپیل کی سماعت پر آنے والے اخراجات کی مد میں کنیریا کو 2 لاکھ پاؤنڈ کا بل بھیج دیا جبکہ جرمانہ اس کے علاوہ ہے۔




کنیریا نے اس حوالے سے کہا کہ لندن میں میرے وکلا کو ای سی بی پینل کی جانب سے بتایا گیا کہ مجھے سماعت پر آنے والے لیگل اخراجات کی مد میں 2 لاکھ پاؤنڈ ادا کرنا ہوں گے، وکلا اب آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کررہے ہیں، ہمارے پاس ہائیکورٹ میں جانے یا پھر کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کے آپشنز موجود ہیں۔

کنیریا نے کہا کہ جس طرح اپیل کی سماعت ہوئی اس کے تناظر میں پابندی برقرار رہنا میرے لیے حیران کن نہیں تھا، میں جلد ہی اپنے وکلاسے مشاورت کروں گا، میرے پاس اتنی بڑی رقم ہے ہی نہیں ، 2010 کے بعد سے میرے تمام اثاثے اور بینک اکاؤنٹس تصدیق شدہ اور اس بارے میں پاکستان اور یوکے اتھارٹیز اچھی طرح جانتی ہیں، میں صرف اتنا چاہتا ہوں کہ پی سی بی خود اپنی انکوائری کرائے اور میرے کیس کا مکمل طور پر جائزہ لے، میرون ویسٹفیلڈ کی گواہی اور انگلش بورڈ جن شواہد کا دعویٰ کررہا ہے ان کا جائزہ لیا جائے۔
Load Next Story