پاکستانی ویمنز نے آئرلینڈ پر عمدہ کھیل کی دھاک بٹھا دی

واحد ون ڈے میں 8 وکٹ سے فتحیاب،ندا کی 3 وکٹیں، جویریہ خان نے نصف سنچری بنائی

واحد ون ڈے میں 8 وکٹ سے فتحیاب،ندا کی 3 وکٹیں، جویریہ خان نے نصف سنچری بنائی۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی ویمنز نے آئرلینڈ پر عمدہ کھیل کی دھاک بٹھا دی، دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد واحد ون ڈے انٹرنیشنل بھی باآسانی8 وکٹ سے جیت لیا۔

تباہ کن بولنگ کے سامنے آئرش ٹیم 94 رنز پر ڈھیر ہوگئی،،ندا ڈار نے3 پلیئرز کو میدان بدر کیا،گرین شرٹس نے30 اوورز قبل 2 وکٹ پر ہدف عبور کر لیا، جویریہ خان نے ناقابل شکست نصف سنچری بنائی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کپتان بسمہٰ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے آئرلینڈ کی بیٹسویمنز کو صلاحیتیں آزمانے کی دعوت دی،ارم جاوید اور سمعیہ صدیقی نے اوپنرز کا قصہ جلد ہی تمام کردیا، کلیر شیلنگٹن 3 اور انٹرنیشنل مینز کرکٹر ایڈ جوائس کی بہن ایسوبیل جوائس بھی محض 4 رنز ہی اپنے نام درج کرپائیں، ارم نے 7 کے اسکور پر ہی میزبان ٹیم کو تیسرا صدمہ ایمیئر رچرڈسن کی صورت پر پہنچایا جوکوئی رن نہیں بنا پائیں۔




میلیسا اسکوٹ ہائی وارڈ (18) اور میری والڈرون (17)کے بعد ٹیل اینڈر کم گراتھ نے 25 رنز بناکر ہمت دکھائی، میزبان ٹیم کی بساط 40.2 اوورز میں 94 رنز پر الٹ گئی،ندا ڈار نے 18 رنز کے عوض3 وکٹوں کا سودا کیا جبکہ ارم جاوید نے 2 پلیئرز کو رخصت کرنے کیلیے 16 رنز دیے، پاکستانی ویمنز ٹیم نے ہدف 20 اوورز میں 2 وکٹ پر حاصل کرلیا۔

اوپنرز جویریہ خان اور جویریہ رؤف نے 42 رنز کا آغاز فراہم کر کے کام آسان کیا، جویریہ رؤف (16) اورناہیدہ خان (7) پر میدان بدر ہوگئیں، جویریہ خان نے نین عابدی کے ساتھ تیسری وکٹ کیلیے 41 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلا دی، جویریہ 61 گیندوں پر 51 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں، انھوں نے 7 بار گیند کو باؤنڈری کی سیر کرائی، نین عابدی کا اسکور 13 رنز رہا۔
Load Next Story