انتظامی افسران کو مجسٹریسی اختیار تفویض دکاندار قیمتوں کی فہرست لازمی آویزاں کریں حکومت

کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرزاورمختارکاروں کوچھاپے،جرمانے،گرفتاری اورملزمان کوجیل بھیجنے کے اختیارات حاصل ہوگئے.


Staff Reporter July 11, 2013
اشیائے خورونوش کی30 روزہ پرائس لسٹ جاری،پھل اور سبزی کی قیمت روز متعین ہوگی،اسسٹنٹ کمشنرز بازاروں کے دورے کرینگے فوٹو: ایکسپریس / فائل

حکومت سندھ نے رمضان المبارک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور گراں فروشی پر قابو پانے کیلیے کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز اور مختارکاروں کو اسپیشل مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کردیے۔

محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے صوبے کے 340 سب ڈویژن میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں قائم کردیں ان پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے سربراہ متعلقہ سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنرز ہونگے،حکومت سندھ کے احکامات کے بعد تمام کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز اور مختارکاروں کو چھاپہ مارنے ، جرمانے کرنے ، گرفتار کرنے اور جیل بھیجنے کے اختیارات حاصل ہونگے، ذرائع نے مزید بتایا کہ رمضان المبارک کیلیے گوشت ، چاول ، دالیں ، گھی ، تیل ، چینی ، بیکری آئٹمز ، سموسے ا ور پکوڑوں سمیت دیگر اشیائے ضرورت کی لسٹیں یکم رمضان کو جاری کردی جائیں گی، یہ قیمتیں 30 رمضان تک نافذ العمل ہوں گی۔



ہر ضلع میں پرائس لسٹ متعلقہ کمشنرز یا ڈپٹی کمشنرز جاری کریں گے جبکہ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جائیگا، ذرائع نے بتایا کہ حکومت سندھ نے تمام کھانے پینے کی دکانوں پر پرائس لسٹیں آویزاں کرنے کو لازمی قرار دیا ہے اور تمام کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز اور مختارکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری پرائس لسٹ پر لازمی عملدرآمد کرائیں اور زائد قیمتوں پر اشیائے ضروریہ فروخت کرنیوالوں کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جائے، تمام سب ڈویژنز کے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختارکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر پولیس کے ہمراہ گشت کریں اور قیمتوں پر نظر رکھیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں