امریکا نے طالبان سے مذاکرات کیلیے سمیع الحق کا تعاون مانگ لیا

مصرمیں حالیہ تبدیلی کاامت مسلمہ نے اچھا اثرنہیں لیا، سمیع الحق،تجاویزاور خیالات سے متفق ہوں

اسلام آباد: امریکی سفیر رچرڈ اولسن جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان میں امریکی سفیررچرڈاولسن نے بدھ کو جمعیت علمائے اسلام س اور دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے راولپنڈی میں ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی ۔

دونوں رہنمائوں کے درمیان سوا 2 گھنٹے ملاقات جاری رہی۔ اس موقع پرپاکستان کے داخلی اورخارجی مسائل کے علاوہ افغانستان کے طالبان اورپاکستان تحریک طالبان سے مذاکرات پاکستان کی نئی حکومت کی تبدیلی کی سمت پیش رفت سمیت امت مسلمہ کے بارے میں امریکی اورمغربی ممالک کی پالیسیوں پرتفصیلی بات چیت ہوئی،مولانا سمیع الحق نے ڈرون حملوں پرشدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ اس سے حالات بہتر بنانے میں ایک بڑی رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ رچرڈ اولسن نے مولانا سمیع الحق کی بہت سے تجاویز اور خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ میں اسے متعلقہ اہم افراد تک پہنچائوں گا۔




قطر مذاکرات کے بارے میں امریکی سفیر نے کہاکہ درحقیقت ابھی مذاکرات شروع نہیں ہوئے اسے سنجیدگی سے شروع ہونے میں ہمیں آپ کی مدد درکارہوگی۔ مولانا سمیع الحق نے مذاکرات کے آغاز میں مصرمیں ہونے والی حالیہ تبدیلی پر تشویش کا اظہار کیا اورکہاکہ اس سے پوری امت مسلمہ نے اچھا اثرنہیں لیا وہ ایسے اقدامات کو پوری مسلم امہ کے جمہوریت کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہیں۔امریکی سفیر نے رمضان المبارک کے آغاز پرامریکا کی طرف سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا سفیر اور مولانا سمیع الحق کے درمیاں حالیہ بحرانوں اور چیلنجوں پر بار بار ملاقاتوں پر اتفاق ہواہے۔
Load Next Story