شیخوپورہ میں ن لیگ کے ایم پی اے عارف سندھیلہ کا خاتون ویٹرنری ڈاکٹر پرمبینہ تشدد

ڈاکٹر ثنا تبادلے کے احکامات رکوانے کےلئے آئیں تھیں تاہم مطالبہ نہ ماننے پر ڈاکٹر ثنا نے الزام عائد کیا ہے،عارف سندھیلہ


ویب ڈیسک July 11, 2013
ڈاکٹر ثنا تبادلے کے احکامات رکوانے کےلئے آئیں تھیں تاہم مطالبہ نہ ماننے پر ڈاکٹر ثنا نے الزام عائد کیا ہے،عارف سندھیلہ ، فوٹو: آن لائن

مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی عارف سندھیلہ نے مفت ادوایات نہ ملنے پر ویٹرنری لیڈی ڈاکٹر کو موبائل دے ماراجبکہ میڈیا میں خبر نشر ہونے کے بعد انتظامیہ نے ڈاکٹر پر صلح کے لئے دباؤ ڈالنا شروع کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شیخوپورہ میں مویشیوں کے سرکاری اسپتال میں مفت ادویات نہ ملنے پر مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی عارف سندھیلہ کی ویٹرنری لیڈی ڈاکٹر ثنا سے تلخ کلامی ہوگئی، اسی دوران عارف سندھیلہ نے بہادری اور شجاعت کا عظیم مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر ثنا کو موبائل دے مارا، معاملہ زیادہ بگڑنے پر ان کے ساتھ آنے والے دیگر افراد انہیں وہاں سے لے گئے۔

واقعے کے بعد ڈاکٹر ثنا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسپتال میں اپنے بیمار مویشیوں کو لانے والے ہر شخص سے دو روپے وصول کئے جاتے ہیں لیکن عارف سندھیلہ نے کبھی دو روپے کی پرچی بھی نہیں بنوائی، اسپتال کے عملے نے ہمیشہ انہیں اپنے پیسوں سے ادویات فراہم کیں لیکن آج جب انہیں مفت دوائی نہ ملی تو انہوں نے بدتمیزی کی اور موبائل دے مارا۔ ڈاکٹر ثنا کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کوئی سفارش نہیں اس لئے وہ عارف سندھیلہ کے خلاف کچھ نہیں کرسکتیں۔

ڈی سی او شیخوپورہ نے عارف سندھیلہ کے خلاف کسی بھی کارروائی کو ڈاکٹر ثنا کی جانب سے تحریری شکایت کے اندراج سے مشروط کردیا ہے، اسپتال کے سربراہ اور ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ثنا پر عارف سندھیلہ سے صلح اور معاملہ رفع دفع کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

دوسری جانب عارف سندھیلہ نے ڈاکٹر ثنا کی جانب سے عائد الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ محکمے نے ڈاکٹر ثنا کے تبادلے کے احکامات جاری کئے تھے جنہیں رکوانے کے لئے وہ ان کے پاس آئیں تھیں تاہم مطالبہ نہ ماننے پر ڈاکٹر ثنا نے الزام عائد کیا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل مسلم لیگ (ن) ہی کی رکن صوبائی اسمبلی نگہت شیخ نے دوران سفر پانی نہ لانے پر ایک بس ہوسٹس کو تھپڑ دے مارا تھا ، میڈیا میں خبر نشر ہونے پر پارٹی قیادت نے ان کی اسمبلی رکنیت معطل کردی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں