کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت سے لیاری گینگ وار کے 3 ملزمان فرار

ملزم اپنے ساتھ جیل سے ہی وہ اوزار لائے تھے جن کی مدد سے وہ کھڑکی کاٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، پولیس کا خدشہ

پولیس نے لاک اپ پر موجود اہلکار کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ فوٹو: فائل

PRAGUE:
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے لئے لائے گئے 3 ملزم لاک اپ کی کھڑکی کاٹ کر فرار ہوگئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق قتل، اقدام قتل، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین مقدمات میں ملوث گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمان عمار، ارسلان اور زبیر کو کراچی سینٹرل جیل سے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں لایا گیا، مقدمے کی سماعت میں وقت ہونے کی وجہ سے تینوں ملزمان کو عدالت سے منسلک لاک اپ میں رکھا گیا جہاں سے وہ کھڑکی کاٹ کر فرار ہوگئے، فرار ہونے کی اطلاع پر پولیس نے ملزمان کا پیچھا کرنے کی کوشش کی تاہم وہ اہلکاروں کے ہاتھ نہ آسکے۔

پولیس کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ملزم اپنے ساتھ جیل سے ہی اوزار لائے تھے جن کی مدد سے وہ کھڑکی کاٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، پولیس نے لاک اپ پر موجود اہلکار کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
Load Next Story