حنیف محمد کینسر کے مقابل ڈٹ گئے تیزی سے روبصحت

بستر علالت پر کرکٹ سے محبت برقرار، ایشز میچ نہ دیکھنے پر افسوس کا اظہار

بستر علالت پر کرکٹ سے محبت برقرار، ایشز میچ نہ دیکھنے پر افسوس کا اظہار۔ فوٹو: فائل

بولرز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونے والے حنیف محمد کینسر کے مقابل بھی ڈٹ گئے۔

لندن برج اسپتال میں جگر کی رسولی کے کامیاب آپریشن کے بعد تیزی سے روبصحت ہیں،کرکٹ کیریئر کی طرح بیماری کے دوران بھی کسی گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوئے، بستر علالت پر بھی کھیل سے محبت برقرار رہی، ایشز میچ نہ دیکھ پانے پر افسوس کا اظہار کرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 337 رنز کی طویل ترین اننگز کھیلنے کا اعزاز رکھنے والے حنیف محمد اپنے کیریئر میں بولرز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے، اب 78 سال کے عمر میں انھوں نے کینسر کا بھی بہادری سے سامنا کیا ہے۔




گذشتہ دنوں معدے میں تکلف کے باعث وہ کراچی کے اسپتال گئے تو ڈاکٹر نے جگر میں رسولی کی نشاندہی کرتے ہوئے آپریشن کا مشورہ دیا، لٹل ماسٹر فوری طور پر انگلینڈ روانہ ہوئے اوراسپتال میں داخلے سے قبل ویمبلے میں واقع اپنی بیٹی کے گھر میں قیام کیا، پاکستان کرکٹ کے ابتدائی دور میں ثابت قدم بیٹسمین کی پہچان رکھنے والے حنیف محمد اپنی زندگی کی مشکل ترین اننگز کھیلنے سے پہلے بھی کسی گھبراہٹ کا شکار نہیں تھے۔

انھوں نے ایک دوست سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ فی الحال میں صحت کے حوالے سے کوئی پریشانی محسوس نہیں کررہا، سرجن کے مطابق کینسر ابتدائی مرحلے میں ہے، پھیلنا شروع نہیں ہوا تاہم رسولی کو نکالنا ضروری ہے، انھوں نے کہا میں لارڈز میں ایشز ٹیسٹ دیکھنا چاہتا تھا لیکن چند روز اسپتال میں قیام کے بعد ایک ماہ مزید آرام کرنا ہوگا۔ حنیف محمد کے اہل خانہ کے مطابق سرجن نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے ان کے جگر کی رسولی نکال دی، حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ جلد مکمل صحتیاب ہوجائینگے۔
Load Next Story