ہاکی ٹیم کے ناقص کھیل کا 15 جولائی کو پوسٹ مارٹم

اختر رسول اور حنیف خان کو فارغ کرکے ٹیم کی ذمہ داریاں طاہر زمان کو سونپنے کا امکان


Sports Reporter July 12, 2013
اختر رسول اور حنیف خان کو فارغ کرکے ٹیم کی ذمہ داریاں طاہر زمان کو سونپنے کا امکان۔ فوٹو: فائل

ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا پوسٹ مارٹم 15 جولائی کے اجلاس میں ہوگا، ہیڈ کوچ و منیجر اختر رسول اور کوچ حنیف خان کو فارغ کرکے ٹیم کی ذمہ داریاں طاہر زمان کے سپرد کیے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ لیگ میں پاکستان کی ساتویں پوزیشن کے بعد پی ایچ ایف پر ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیوں کیلیے دباؤبڑھ گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈریشن ہیڈ کوچ اختر رسول اور کوچ حنیف خان کے خود مستعفی ہونے کا انتظار کررہی ہے،اخترنے عہدہ چھوڑنے کا عندیہ دیدیا جبکہ حنیف اس کیلیے تیار نہیں۔پی ایچ ایف ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا جائزہ 15 جولائی کے اجلاس میں لے گی، مینجمنٹ ٹورنامنٹ کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کریگی جس کی روشنی میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔



ذرائع کے مطابق حکام کا خیال ہے کہ ایشیا کپ کی صورت میں ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنے کا آخری موقع باقی ہے، ٹائٹل جیتنے والی ٹیم ہی پیش قدمی جاری رکھ سکے گی، بھارت،جنوبی کوریا اور ملائیشیا جیسی مضبوط ٹیموں کی موجودگی میں پاکستان کیلیے سفر آسان نہیں ہوگا،اس صورتحال میں نئے تجربات کے بجائے قومی ٹیم کی باگ ڈور مکمل اختیارات کے ساتھ طاہر زمان کے ہاتھوں میں سونپے جانے کا امکان ہے، جدید ہاکی کوچنگ میں دسترس رکھنے والے سابق اولمپیئن ماضی میں بھی ٹیم کے ساتھ کام کرچکے، کھلاڑیوں کے مزاج اور مسائل کو سمجھتے ہیں اسی لیے انھیں اس عہدے کیلیے مضبوط امیدوار خیال کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں