لگتا نہیں تحریک انصاف کی حکومت مدت پوری کرپائے گی مراد علی شاہ

پیپلز پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا اور نہ ہی کوئی چانس ہے، مراد علی شاہ


ویب ڈیسک January 03, 2019
مراد علی شاہ پروگرام ’کل تک‘ میں میزبان جاوید چوہدری کو انٹرویو دیتے ہوئے (فوٹو: اسکرین گریب)

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اومنی گروپ کو فیور نہیں دیا، تحقیقات میں تعاون کروں گا اور جو عدالتی حکم ہوگا اس پرعمل درآمد کروں گا۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام 'کل تک' میں میزبان جاوید چوہدری کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کام کرنا چھوڑ دیں، سندھ حکومت کو ناکام کرنے کی کوشش کرنے والے خود ناکام ہوں گے، پیپلز پارٹی کے 49 ارکان تو دور کی بات کوئی آدھا رکن بھی بتا دیں جو وفاقی حکومت کے ساتھ ہے، صوبے میں پیپلز پارٹی برقرار رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین سندھ حکومت گرانا بھی چاہیں تو گرا نہیں سکتے تاہم وفاق کی مخلوط حکومت ہم گراسکتے ہیں لیکن چاہتے ہیں پی ٹی آئی کی حکومت مدت پوری کرے، جس طرح یہ لوگ حکومت کررہے ہیں اس سے لگتا نہیں کہ حکومت مدت پوری کرے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا اور نہ ہی کوئی چانس ہے جب کہ میرے استعفے کا فیصلہ صرف قیادت ہی کرسکتی ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف الزامات بے بنیاد اور غلط ہیں، مجھے نہیں معلوم میرا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا گیا؟ کسی کو لگتا ہے کہ بھاگ جاؤں گا تو بے شک میرا نام ای سی ایل میں رکھیں، اومنی گروپ کو فیور نہیں دیا اور تحقیقات میں تعاون کروں گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ لوٹا ہوا مال واپس لانا تو حکومت کا کام ہے، آپ کو کون روکتا ہے؟ تین صوبوں میں کام ٹھپ ہوگیا ہے اور اب یہ سندھ کو ناکام کرنا چاہتے ہیں، عوام نے عمران خان کو موقع دیا ہے ان کی کارکردگی سے مایوس ہوں اور پرامید ہوں کہ یہ حکومت ختم ہوجائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں