رمضان کرکٹ اسٹیٹ بینک نے یو بی ایل کو قابو کرلیا

عدنان نے47کی اننگزکھیلی،124کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ناکام سائیڈ114 رنزتک محدود، دونوں ٹیموں کی فائنل4 میں رسائی کا۔۔۔


Sports Desk July 12, 2013
رمضان ٹی 20کپ :یو بی ایل کیخلاف میچ کے بہترین کھلاڑی عدنان رئیس کا انعامی چیک تھامے پوز۔ فوٹو: ایکسپریس

پی سی بی رمضان ٹوئنٹی20 کرکٹ کپ میں اسٹیٹ بینک نے یوبی ایل کو 9 رنز سے قابو کرلیا۔

عدنان رئیس نے مشکل وقت میں 42 گیندوں پر47 رنزکی شاندار اننگز کھیل کر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا،دونوں ٹیموں کی فائنل4میں رسائی کا امکان موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی شب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں گروپ اے میچ میں اسٹیٹ بینک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر123 رنز بنائے، رمیز راجہ اور فرخ شہزاد نے ٹیم کو 30 رنز کا آغاز فراہم کیا، فرخ شہزاد 3 رنز بناکر محمد ارشاد کی گیند پر عدنان بیگ کا کیچ بن گئے، 39 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اوپنر رمیز (23) کو بھی محمد ارشاد نے سعدکی مدد سے پویلین بھیج دیا، عثمان سعید کو محمد ارشاد نے صرف ایک رن بنانے کا موقع فراہم کیا،کاشف صدیق 16 رنز بنانے کے بعد اخترایوب کی ان سوئنگ گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اس وقت اسٹیٹ بینک کا اسکور50 تھا،اسی اسکور پر محمد وحید بغیر کھاتہ کھولے اخترایوب کا دوسرا شکار بن گئے، ففٹی پر آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد عدنان رئیس نے ذمہ داری سنبھالی اور دیگر پلیئرز کے ساتھ مل کرٹیم کا اسکور 123 تک پہنچا دیا، عدنان نے42 گیندوں پر 4 چوکوں کی مددسے ناقابل شکست 47 رنز کی اننگز کھیلی، حسن محمود16، رضوان حیدر 5 اور محمد افضل 4 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، محمد ارشاد نے 4 اوورز میں 31 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، اختر ایوب نے2 جبکہ رومان رئیس اورمحمد زبیر نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔ 124 رنز کا تعاقب کرنے والی یونائٹیڈ بینک کی اننگز کا آغاز بھی شاندار نہیں تھا، صرف 21 رنز پر 2 وکٹیں گر گئیں، اوپنرز آصف علی اور عدنان بیگ10,10 رنز بنانے کے بعد رخصت ہو گئے۔



بعدازاں 41 رنز پر فیصل اطہر(16) بھی ہمت ہار بیٹھے، سعد سرخیل اور علی اسد نے اسکور کو14.3 اوورز میں79 تک پہنچایا مگر اس موقع پر سعد (24) کو رضوان حیدر نے ٹھکانے لگا دیا، کیچ محمد افضل نے تھاما،محمد ارشاد آؤٹ ہونے والے پانچویں بیٹسمین تھے، انھوں نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے14 رنز بنائے، 5 وکٹیں باقی ہونے کے باوجود یو بی ایل کی ٹیم ہدف تک نہ پہنچ پائی اور مقررہ اوورز میں114 رنز تک محدود رہی، علی اسد 25رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، انھوں نے 32 میں سے 2گیندوں کو باؤنڈری کی سیر کرائی۔

حسن محمود نے 25 رنز کے بدلے2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کاشف صدیق، محمد علی اور رضوان حیدر کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ عدنان رئیس کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ اس فتح کے ساتھ اسٹیٹ بینک نے 3 میچز میں 4 پوائنٹس حاصل کرلیے، پوائنٹس ٹیبل پر اس کا تیسرا نمبر ہے، یو بی ایل تین میچز میں اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے،گروپ اے سے پی آئی اے کی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرچکی، دوسری سیمی فائنلسٹ سائیڈ بننے کیلیے اسٹیٹ بینک کوحبیب بینک کیخلاف واضح مارجن سے فتح حاصل کرنا ہوگی، یو بی ایل کی ٹیم واپڈا کیخلاف اپنا آخری گروپ میچ جیت کر اگلے مرحلے میں داخل ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں