دورۂ جنوبی افریقہ پاکستان ٹیم تاحال ڈبل سنچری بھی نہ بنا سکی

اظہرتینوں بار اولیور کا شکار،اوپنرزپھر ناکام، فخرزمان کا بیٹ رنز اگلنا بھول گیا

اظہرتینوں بار اولیور کا شکار،اوپنرزپھر ناکام، فخرزمان کا بیٹ رنز اگلنا بھول گیا فوٹو : فائل

دورۂ جنوبی افریقہ میں تاحال پاکستان ٹیم ڈبل سنچری بھی نہیں بنا سکی ہےاظہر علی تینوں بار اولیور کا شکار بنے مہمان اوپنرز ایک بار پھر ناکام ہوگئے طویل فارمیٹ میں فخرزمان کا بیٹ رنز اگلنا بھول گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم سنچورین ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 181تک محدود رہی،دوسری باری میں190رنز بنائے، کیپ ٹاؤن میں کپتان سرفراز احمد نے بیٹنگ لائن پر اعتماد برقرار رکھااور میچ شروع ہونے سے قبل بھی کہا کہ ٹاس جیت کر خود بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے لیکن ٹیم 177پر ڈھیر ہوگئی،یوں سیریز میں مسلسل تیسری بار بیٹسمین 200کا سنگ میل عبور کرنے میں ناکام رہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اظہر علی تینوں اننگز میں اولیور کا شکار بنے ہیں۔


سنچورین میں انھوں نے پہلی باری میں 36رنز پر ڈی بروئن، دوسری میں بغیر کھاتہ کھولے ربادا کو کیچ دیا، کیپ ٹاؤن میں گزشتہ روز 2رنز بنانے کے بعد وہ ہاشم آملہ کو کیچ دیتے ہوئے رخصت ہوگئے، پاکستانی اوپنرز ابھی تک اپنی ٹیم کو 1،44اور 9کے آغاز فراہم کرسکے،امام الحق ایک ففٹی کے سوا ناکام رہے جبکہ فخرزمان نے مجموعی طور تینوں اننگز میں25رنز بنائے ہیں۔ دوسری جانب ورنون فلینڈر نے اپنے فیورٹ کیپ ٹاؤن میں امام الحق کو ایل بی ڈبلیو کرتے ہوئے وکٹوں کی ففٹی مکمل کرلی۔

اس میدان پر سب سے زیادہ شکار ڈیل اسٹین نے کیے ہیں،انھوں نے 14میچز میں67 وکٹیں اڑائی تھیں اورگزشتہ روز ان میں مزید3کا اضافہ ہوگیا، مکھایا این تینی 10ٹیسٹ میں 53وکٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں،شان پولاک نے11میچز میں51وکٹیں لی ہیں، فلینڈر نے 10ویں ٹیسٹ میں 50وکٹیں مکمل کیں،پہلی اننگز میں امام الحق کے بعد کوئی شکار نہ کرنے کی وجہ سے شان پولاک سے آگے نکلنے کیلیے پیسر کو مہمان ٹیم کی دوسری باری کا انتظار کرنا ہوگا۔
Load Next Story