پی ایس ایل سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش چیلنج بن گئی

رواں سال نیشنل اسٹیڈیم کو پی ایس ایل کے 5 میچز کی میزبانی کرنی ہے

اسٹیڈیم کی حفاظت کے لیے ہر سال صفائی کا سلسلہ بھی جاری رکھنا ہوگا (فوٹو: فائل)

پی ایس ایل فور سے قبل نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی مکمل تزئین و آرائش پی سی بی کے لیے چیلنج بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق طویل عرصے کے بعد گزشتہ سال نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو پی ایس ایل اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز کی میزبانی کا موقع ملا، پرُجوش شائقین نے اسٹینڈز پر چھت نہ ہونے کے باوجود مقابلوں کا لطف اٹھایا۔

رواں سال اس وینیو کو پی ایس ایل کے 5 میچز کی میزبانی کرنا ہے لیکن 2 ماہ کے قلیل عرصہ میں تعمیر اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کرنا ایک بہت بڑا چیلنج دکھائی دے رہا ہے۔ چیئرمین اور میڈیا باکسز سمیت کئی جگہوں پر توڑ پھوڑ ابھی تک نظر آرہی ہے، چھت پر فیبرک کی تنصیب ہونا باقی ہے۔


اس حوالے سے cricketpakistan.com.pk کے سلیم خالق کی خصوصی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تزئین و آرائش کے لیے وقت کم بچا ہے، ملائیشیا سے فیبرک آچکا، اس کی تنصیب کے لیے آنے والے ملائشین ماہرین نے ویزا درخواستیں دے رکھی ہیں، ان کی 7 یا 8 دسمبر کو کراچی آمد متوقع ہے۔

پروجیکٹ انجینئر ممتاز حسین نے بتایا کہ فریم ورک کا کام مکمل ہوچکا، جرمنی میں تیار کی جانے والی فیبرک ملائشیا میں سلائی کے بعد کراچی پہنچ چکی ہے، اگلے ہفتے ماہرین کی آمد کے بعد اس کی تنصیب شروع کردی جائے گی، فیبرک کی عمر 25 سال ہے، گرمی اور بارش میں مزاحمت کی جانچ کے لیے ٹیسٹ بھی ہو چکے ہیں، حفاظت کے لیے ہر سال صفائی کا سلسلہ بھی جاری رکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف فیبرک کی تنصیب بلکہ دیگر کام بھی بروقت مکمل کرلیے جائیں گے، ڈیڈ لائن کو پیش نظر رکھتے ہوئے مختلف ٹیمیں میں دن رات سرگرم ہیں، امید ہے کہ میچز کی میزبانی سے قبل کوئی چیز ادھوری نہیں رہے گی۔
Load Next Story