حکومت فاٹا اور سرحدوں سے غیرریاستی عناصر کا خاتمہ چاہتی ہے وزیراعظم نوازشریف

ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہرحال میں کامیاب ہوناہے،ناکامی ہماراآپشن نہیں، نوازشریف


ویب ڈیسک July 12, 2013
وزارت داخلہ صوبوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف پالیسی بنائے، مجھے اچھا اور قابل عمل پلان چاہئے، وزیراعظم۔ فوٹو: این این آئی

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت فاٹا اورسرحدوں سے غیرریاستی عناصر کا خاتمہ چاہتی ہے اس سلسلے میں وزارت داخلہ تمام صوبوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف پالیسی بنائے۔

وزارت داخلہ پہنچنے پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت دیگر حکام نے وزیراعظم نوازشریف کا استقبال کیا، اس موقع پر وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق ، پرویز رشید اور مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور پولیٹکل سیکریٹری آصف کرمانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، سیکریٹری داخلہ نے وزیر اعظم کو ملک میں امن وامان، سیکیورٹی کی صورتحال اور صوبوں کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ کےنظام کےبارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وزارت داخلہ کا اہم کردار ہے،وزارت داخلہ صوبوں کے ساتھ مل کردہشت گردی کےخلاف پالیسی بنائے، مجھےاچھا اور قابل عمل پلان چاہیئے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر حال میں کامیاب ہوناہے، ناکامی ہماراآپشن نہیں۔ وزیراعظم نےکہا کہ وہ ہزارہ برادری کی ماؤں اور بہنوں کوسلام پیش کرتے ہیں جنہوں نےشدیدسردموسم میں دہشت گردی کی مثالی اندازمیں مذمت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وزارت داخلہ کا اہم کردار ہے، وزارت داخلہ صوبوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان فوکل کردار ادا کر ے۔ انہوں نے توانائی کے پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزارت داخلہ کے حکام نے وزیر اعظم کو بتایا کہ چینی انجینئرز کی سیکیورٹی کے لیے 5 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار معمور کیے گئے ہیں جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پر امن ماحول بنانے کے لیے لائحہ عمل جلد تیار کیا جائے گا، حکام نے وزایر اعظم کو بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جب کہ سند ھ اور بلوچستان میں تعینات ایف سی اور رینجرز کو اندرونی سیکیورٹی کے لیے وسائل درکار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں