زرداری یا نواز شریف سے ذاتی لڑائی نہیں تلخیاں دور کرنا چاہتے ہیں فواد چوہدری

تلخیاں تو کم ہوں گی لیکن احتساب کی گرمی کم نہیں ہوگی، وزیر اطلاعات

وزیراعظم اپنے آفس جاتے ہیں پتا چلتا ہے ڈھائی بلین ڈالر قرض ادا کرنا ہے، فواد چوہدری، فوٹو: فائل

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر ہم احتساب پر سمجھوتہ کریں گے تو یہ ووٹر سے غداری ہوگی، ہماری زرداری یا نواز شریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہم تلخیاں دور کرنا چاہتے ہیں۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف یا آصف زرداری کے خلاف مقدمات ہمارے نہیں، ہم نے ان پر ایک بھی مقدمہ نہیں بنایا، احتساب کا عمل جاری رہے گا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اگر ہم احتساب پر سمجھوتا کریں تو ہم ووٹر سے غداری کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی آصف زرداری یا نواز شریف سے ذاتی لڑائی نہیں، ہمارا کسی سے ذاتی جھگڑا نہیں ہے ہم کٹھن ماحول سے گزر رہے ہیں اور کوشش کررہے ہیں تلخیاں جلد سے جلد ختم ہوں، تلخیاں تو کم ہوں گی لیکن احتساب کی گرمی کم نہیں ہوگی چاہے وہ ہمارے لوگ ہیں یا کوئی اور۔


فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان اسٹیل سمیت تمام ادارے تباہ ہوچکےہیں، ماضی میں حکمرانوں نے اداروں میں سیاسی بھرتیاں کیں جو اداروں کی زبوں حالی کی وجہ بنے، آج جس ادارے کو ہاتھ لگاؤ تو پتا چلتا ہے اندر سے کھوکھلا ہے، جب ادارے نیچے جاتے ہیں تو ملک بھی نیچے جاتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم اپنے آفس جاتے ہیں پتا چلتا ہے ڈھائی بلین ڈالر قرض ادا کرنا ہے معاملہ اس سے کہیں زیادہ گھمبیر ہے جو ہم جلسوں میں کہتے تھے، وزیراعظم صاحب نے فائر فائٹنگ کی ، سعودی عرب اور یو اے ای گئے ان شاءاللہ 2019ء میں ہم پاکستان کو معاشی منزل کی طرف لے جانے کی کوشش کریں گے۔

Load Next Story