بھارت اپنی غلط  پالیسیوں سے کشمیر اور کشمیریوں کو کھو بیٹھا ہے شاہ محمود قریشی

بھارت نے اگر کوئی جارحانہ کارروائی کی تو پاکستان فی الفور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، شاہ محمود قریشی

بھارتی قیادت کو نفرت انگیز بیانات سے گریز کرنا چاہیے، وزیرخارجہ (فوٹو:ایکسپریس/ اسکرین گریپ)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی غلط پالیسیوں اور حکمت عملی سے مقبوضہ کشمیر اور کشمیریوں کو کھو بیٹھا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت پروپیگنڈا کررہا ہے کہ وہ سرجیکل اسٹرائیک کا ارادہ رکھتا ہے، بھارتی قیادت کو نفرت انگیز بیانات سے گریز کرنا چاہیے، بھارت جس طرح کے پروپیگنڈے کو ہوا دے رہا ہے وہ غیر ذمے دارانہ ہے۔


وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جو پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے وہ خطرناک ہے، ان بیانات سے خطے کا امن خدشے میں پڑھ سکتا ہے، ہم کوئی سرجیکل اسٹرائیک پلان نہیں کررہے، ہم پرامن ہیں اور بھارت کےساتھ گفت وشنید سے مسائل کا حل چاہتے ہیں لیکن اگر کوئی جارحانہ کارروائی کی گئی تو پاکستان فی الفور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ناکام ہوچکا ہے اور اپنی غلط پالیسیوں اور حکمت عملی سے مقبوضہ کشمیر اور کشمیریوں کو کھو بیٹھا ہے، آج بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، کشمیر کی بوکھلاہٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے من گھڑت پروپیگنڈے کیے جارہے ہیں، پوری دنیا مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ ہے، کشمیر میں ظلم کی انتہا کردی گئی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کی خواہش کے مطابق خطے میں امن چاہتے ہیں، امریکا کے ساتھ ایک سال قبل تعلقات میں کشیدگی دکھائی دیتی تھی، ماضی کے تعلقات میں موجود کشیدگی سب کو معلوم ہے، پاکستان کی خواہش تھی کہ امریکا سے مثبت تعلقات قائم ہوں، امریکی سوچ میں بتدریج تبدیلی آئی ہے، امریکا پہلے طالبان کے ساتھ بیٹھنے کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا، آج طالبان کے ساتھ ابوظبی میں مذاکرات ہورہے ہیں۔
Load Next Story