پریراکی طوفانی سنچری بھی سری لنکن رسوائی نہ ٹال پائی

نیوزی لینڈ دوسرے ون ڈے میں 21 رنز سے فتح یاب، سیریز میں فیصلہ کن سبقت


AFP January 06, 2019
نیوزی لینڈ دوسرے ون ڈے میں 21 رنز سے فتح یاب، سیریز میں فیصلہ کن سبقت فوٹو:فائل

لاہور: تھشارا پریرا کی طوفانی سنچری بھی سری لنکن رسوائی نہ ٹال پائی نیوزی لینڈ نے دوسرے ون ڈے میں 21 رنز کی فتح سے تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

128 رنز پر 7 وکٹیں گنوانے والی مہمان ٹیم کا اسکور پریرا نے 298 تک پہنچایا، وہ140 رنز بناکر آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی ثابت ہوئے۔ ایش سودھی نے 3 وکٹیں لیں،اس سے قبل کیویز نے 7 وکٹ پر 319 رنز بنائے، روس ٹیلر 90، کولن منرو 87 اور نیشام 64 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے تھشارا پریرا نے ون ڈے کرکٹ میں پہلی سنچری اسکور کردی مگر وہ بھی ٹیم کے کسی کام نہ آئی، 320 رنزکے تعاقب میں مہمان سائیڈ نے صرف 2 وکٹ پر 112 رنز بنالیے تھے،اس وقت ایش سودھی نے کوشل مینڈس (20) کو آؤٹ کرکے حریف بیٹنگ لائن کو ڈگمگانے پر مجبورکردیا، پھر6 اوورز کے دوران 5 وکٹیں گرگئیں، جب پریرا نے چارج سنبھالا تو اسکور 7 وکٹ پر 128 رنز تھا، لسیتھ مالنگا کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں بننے والے 75 رنز میں ان کا حصہ58 کا تھا، پھر لکشن سنداکن کے ساتھ نویں وکٹ کیلیے51 رنز کی پارٹنر شپ مے 45 رنز پریراکے تھے۔

جب ناممکن ہدف پہنچ میں آتا محسوس ہوا تو میٹ ہنری کی گیند پر وہ ٹرینٹ بولٹ کے ہاتھوں لانگ آن پر کیچ ہونے والے آخری کھلاڑی بن گئے، اس طرح سری لنکن اننگز کا خاتمہ 298 پر ہوا جبکہ اس وقت22 بالز باقی تھیں، تھشارا پریرا نے 74 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 13 چھکے اور 8 چوکے جڑے۔ اوپنر دنوشکا گوناتھلاکا نے 71 رنز بنائے تھے، سودھی نے 3 جبکہ ہینری اور نیشام نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے 7 وکٹ پر 319 رنز اسکور کیے، ٹیلر 90 پر رن آؤٹ ہوئے، منرو 87 اور نیشام 64 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مالنگا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔