50 بچوں کے والدین کی تلاش ایدھی بس حیدرآباد پہنچ گئی

منیجر معراج احمد نے استقبال کیا ،بس میں سوار بچے اپنے علاقے یا گھر سے واقف ہیں


Numainda Express July 12, 2013
اسپیشل بس میں وہ50 گمشدہ بچے سوار ہیں جو گزشتہ 3 سال سے سپرہائی وے اور کورنگی کے سینٹرز میں داخل تھے۔

کراچی کے ایدھی ہومز میں داخل بچوں کے ورثاء کی تلاش کے لیے اسپیشل بس ملک گیر سفر پر کراچی سے روانہ ہوگئی۔

بس میں وہ 50 بچے سوار ہیں جو اپنے علاقے یا گھر سے واقفیت رکھتے ہیں جن کی مدد سے ان کے والدین کو تلاش کیا جائے گا۔ ایدھی سینٹرٹاور سے روانہ ہونے والی اسپیشل بس اپنے سفر کے پہلے مرحلے میں حیدرآباد پہنچی تو ایدھی کے اسٹیشن منیجر معراج احمد نے بچوں کا استقبال کیا۔ اسپیشل بس میں وہ50 گمشدہ بچے سوار ہیں جو گزشتہ 3 سال سے سپرہائی وے اور کورنگی کے سینٹرز میں داخل تھے لیکن کوشش کے باوجود ان کے ورثاء کو تلاش نہیں کیاجاسکا۔



ایدھی اسپیشل بس کے انچارج محمدامان ﷲ نے ایکسپریس کو بتایا کہ بس میں سوار50 بچوں میں سے 31 کا تعلق پنجاب، 7 کا خیبرپختونخوا، 7کا بلوچستان اور5 کا سندھ سے ہے۔ یہ تمام بچے اپنے شہر، علاقے اور گھروں سے متعلق کچھ معلومات رکھتے ہیں، انہیں ان کے شہر لے جایا جائے گا جس کے بعد اس شہر کے ایدھی رضاکاروں کے ذریعے ان کے والدین کو تلاش کر کے بچے انکے کے حوالے کردیے جائیں گے ۔ انھوں نے بتایا کہ ایدھی اسپیشل بس کا سفر15 روز جاری رہے گا اور امید ہے کہ اس دوران ہم تمام بچوں کو ان کے والدین کے حوالے کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔