پاکستان کے چیمپئن بننے کا خواب بکھر گیا

ویسٹ انڈیز کیخلاف ناقص بیٹنگ نے تاریخ کی بدترین پوزیشن کے قریب پہنچادیا

ٹائونز ویل: ویسٹ انڈین بیٹسمین جسٹن گریوس کو آئوٹ کرنے پر عثمان قادر کو ساتھی پلیئرز کی شاباشی (فوٹو : ایکسپریس)

آئی سی سی انڈر19 ورلڈکپ میں چیمپئن بننے کا خواب دیکھنے والی پاکستانی ٹیم تاریخ کی بدترین پوزیشن پانے کے قریب پہنچ گئی،پانچویں نمبر کے پلے آف سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے بھی اسے 16رنز سے قابو کرلیا، بیٹسمینوں نے انتہائی غیرمعیاری کھیل پیش کیا اور ٹیم 183 رنز کے آسان ہدف کا بھی تعاقب نہ کر پائی،اب جمعے کو ساتویں پوزیشن کے میچ میں بنگلہ دیش سے مقابلہ ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق2004 اور 2006 میں ٹائٹل جیتنے والی پاکستانی ٹیم نے اس سال قوم کو سوائے مایوسی کے کچھ نہ دیا، اس سے قبل کبھی وہ چوتھے سے کم نمبر پر نہیں آئی مگر اب نوبت یہ آ گئی کہ ساتویں نمبر کا میچ کھیلنا پڑے گا۔


بدھ کو اینڈویور پارک میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ویسٹ انڈین فیصلہ غلط ثابت ہوا،نصف سنچری کی تکمیل تک چار وکٹوں کی بھینٹ چڑھ گئی،ان میں سے تین پلیئرز کو لیفٹ آرم پیسر میر حمزہ نے ٹھکانے لگایا،جب اسکور 72 تک پہنچا تو آدھی ٹیم رخصت ہو چکی تھی،کپتان و اوپنر براتھ ویٹ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا مگر ویسٹ انڈین اننگز کی سنچری مکمل ہونے کے بعد وہ رن آئوٹ ہو گئے، انھوں نے 39 رنز اسکور کیے،اس کے بعد پاکستانی بولرز سست پڑ گئے اورآخری4 وکٹوں کے حصول کیلیے مزید 76 رنز دے دیے،اسٹیون کٹوارو نے 35 اور ڈیوس نے 24رنز بنائے،کیریبیئن سائیڈ 49 اوورز میں 182 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی،عثمان قادر نے دو وکٹیں لیں۔

جواب میں گرین شرٹس نے صرف 20 رنز پر2وکٹیں گنوا دیں،سمیع اسلم اور امام الحق 2،2 رنز تک محدود رہے،کپتان بابر اعظم اور عمروحید نے 51رنز کی شراکت سے اننگز کو کچھ سہارا دیا،مگر پھر 23 رنز کے اضافے سے 3 وکٹیں گرنے سے پاکستان ایک بار پھر بیک فٹ پر چلا گیا،بابر (38) نے مسلسل دوسرے میچ میں سیٹ ہونے کے بعد وکٹ گنوائی،عمروحید نے31 رنز اسکور کیے، ٹیم اس کے بعد نہ سنبھل سکی اورآخر کار48.3 اوورز میں 166رنز پر آئوٹ ہو گئی، محمد نواز نے 28 رنز بنائے، مین آف دی میچ ڈیرون ڈیوس نے تین اور جونز نے 2 وکٹیں لیں۔

Recommended Stories

Load Next Story