بھارت ٹرائنگولر سیریز کا چیمپئن دھونی نے انہونی کو ہونی میں بدل دیا

آخری اوور میں درکار15 رنز 4 بالز پر ہی بنا لیے، ایک وکٹ سے ناکام سری لنکن ٹیم بے بسی کی تصویر بن کر رہ گئی


Sports Desk July 13, 2013
پورٹ آف اسپین: بھارتی کرکٹ کپتان مہندرا سنگھ دھونی اپنے نائب ویرت کوہلی کے ہمراہ ٹرائنگولر سیریز کی فاتح ٹرافی تھامے پوز دے رہے ہیں۔ فوٹو: اے پی

دھونی نے انہونی کو ہونی میں بدل کر بھارت کو ٹرائنگولر سیریز کا چیمپئن بنا دیا۔

انجری سے نجات کے بعد ورلڈ چیمپئن ٹیم میں واپس آنے والے کپتان نے آخری وکٹ کی موجودگی میں 50ویں اوور میں درکار15 رنز4 گیندوں پر ہی بنا لیے، ٹرافی تھام کر تصویر بنوانے کا خواب دیکھنے والے سری لنکن ٹیم بے بسی کی تصویر بن کر رہ گئی،دھونی نے ناقابل شکست 45 رنز بنا کر مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا، ہیراتھ کی 4 وکٹیں ناکافی ثابت ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق کوئنز پارک اوول میں لو اسکورنگ میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا، ایک موقع پر بلو شرٹس 4 وکٹ پر 145 رنز بنا کر آسان فتح کی جانب گامزن تھے، مگر ہیراتھ و دیگر بولرز کی عمدہ کارکردگی آئی لینڈرز کو کھیل میں واپس لے آئی۔



شیکھر دھون (16) اور ویرت کوہلی (2) کو ایرنگا نے رخصت کیا، دنیش کارتھک نے 23 اور روہت شرما نے58 رنز کی اننگز سے بھارت کو ہدف کی جانب رواں رکھا، دونوں کی وکٹیں ہیراتھ کو ملیں، اس موقع پر ٹیم 22 رنز کے دوران 4 وکٹیں گنوا کر شدید دباؤ کا شکار ہوگئی، سریش رائنا 32 رنز بنانے کے بعد لکمل کی گیند پر سنگاکارا کو کیچ دے بیٹھے، رویندرا جڈیجا 5 جبکہ ایشون اور بھونیشور کمار صفر پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، ابتدائی دونوں وکٹیں ہیراتھ اور تیسری مالنگا کو ملی، دھونی نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور نویں وکٹ کیلیے ونے کمار کے ساتھ 15 رنز جوڑے، ونے (5) کو میتھیوز نے شکار کیا۔

اب بھارت کو آخری وکٹ کی موجودگی میں20 رنز درکار تھے، دھونی نے ایشانت کے ساتھ اسکور آگے بڑھانا شروع کیا، آخری اوور میں 15 رنز کا دفاع کرنے کیلیے سری لنکا پُراعتماد نظر آیا، مگر دھونی کے ارادے کچھ اور ہی تھے، وہ شامندا ایرنگا کی پہلی گیند پر بیٹ ہو گئے مگر اگلی پرلانگ آف پر چھکا رسید کر دیا، تیسری گیند فیلڈر کو پوائنٹ باؤنڈری کے باہر سے اٹھا کر لانا پڑی، اگلی میں لانگ آف پر چھکے سے سری لنکا ہکا بکا رہ گیا، کپتان 45 اور ایشانت 2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، ہیراتھ نے 4 وکٹوں کیلیے20 رنز دیے۔ قبل ازیں سری لنکن ٹیم حریف کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.5 اوورز میں 201 رنز پر ڈھیر ہوئی، کمار سنگاکارا نے 71 کی اننگز کھیلی، جڈیجا نے 4 پلیئرز کو آؤٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔