شہریار آفریدی کے بھتیجے سے منشیات برآمد ہونے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد

وزیر مملکت دوسروں کو منشیات کیخلاف لیکچر دیتے ہیں اور ان کا بھتیجا اس جرم میں گرفتار ہو رہا ہے، قرارداد

مذمتی قرارداد مسلم لیگ (ن) کی حنا پرویز بٹ نے جمع کرائی فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) نے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کے بھتیجے کی گاڑی سے منشیات برآمد ہونے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کے بھتیجے کی گاڑی سے منشیات برآمد ہونے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی، جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیر مملکت شہریار آفریدی کے بھتیجے کی گاڑی سے چرس برآمد ہونا افسوسناک ہے۔ وزیر مملکت داخلہ دوسروں کو منشیات کے خلاف لیکچر دیتے ہیں اور ان کا اپنا بھتیجا منشیات فروشی کے جرم میں گرفتار ہو رہا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ طلال نادر آفریدی کی گاڑی سے پولیس نے آدھا کلو چرس برآمد کی ہے۔ طلال نادر آفریدی نے گرفتاری کے بعد اپنا پتہ منسٹر کالونی اسلام آباد لکھوایا۔اس کا مطلب کہ وزیر مملکت کی سرپرستی میں منشیات کا دھندہ چل رہا ہے۔ وزیر مملکت شہریار آفریدی کو اس معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرنا ہو گی۔ شہریار آفریدی نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ اسلام آباد کے سرکاری و نجی کالجز میں 75 فیصد لڑکیاں اور 25فیصد لڑکے منشیات کا استعمال کررہے ہیں ۔اس بیان کے بعد ان بچوں کے والدین کی حوصلہ شکنی اور دل آزاری کی گئی۔اس واقعے کے بعد وزیر مملکت داخلہ کو قوم سے معافی مانگنی ہو گی۔
Load Next Story