سینیٹ کمیٹی برائے اطلاعات کا قومی اشتہارات پالیسی پر تشویش کا اظہار

اشتہارات سے متعلق سرکاری پالیسی پر بریفنگ کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری طلب


ویب ڈیسک January 07, 2019
اشتہارات سے متعلق سرکاری پالیسی پر بریفنگ کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری طلب فوٹو:فائل

سینیٹ کمیٹی برائے اطلاعات نے قومی اشتہارات پالیسی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا کو اشتہار دینے کی سفارش کی ہے اور سرکاری پالیسی پر بریفنگ کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو طلب کرلیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی نے قومی اشتہارات کی پالیسی اور میڈیا کو اشتہارات کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ اداروں کو بند اور ملازمین کو بے روزگار نہ کیا جائے، نئی پالیسی سے میڈیا کی ترقی رک جائے گی۔

چیئرمین کمیٹی فیصل جاوید نے کہا کہ اشتہارات ضروری ہیں اور تخلیقی کاموں کو روکنے سے مسائل سامنے آئیں گے، اشتہارات کا علاقائی کوٹہ ختم کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کو یکجا کرنے اور نئی اتھارٹی بنانے کا فیصلہ ناقابل فہم ہے، اشتہار دیے جائیں تاکہ میڈیا انڈسٹری ترقی کرے، اشتہارات کیلئے وزارتوں اور اداروں کے بجٹ مختص کئے جائیں۔

سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل نے کمیٹی کو بتایا کہ اشتہارات پالیسی کے تحت قومی خزانہ کو بچانا چاہتے ہیں، ابھی صرف اشتہارات پالیسی کا ڈرافٹ تیار کیا ہے اور کچھ حتمی نہیں، اشتہاری ایجنسیوں کو دس سال سے ہر اشتہار پر 15 فیصد کمیشن اور اربوں روپے دیے لیکن انہوں نے کوئی تخلیقی کام نہیں کیا۔ قائمہ کمیٹی نے اشتہارات سے متعلق سرکاری پالیسی پر بریفنگ کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔