مصر میں موجود دنیا کی دوسری بڑی مسجد

مسجد کا مرکزی گنبد مشرق وسطی میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا گنبد شمار ہو گا


ویب ڈیسک January 07, 2019
مسجد میں مجموعی طور پر 17 ہزار کے قریب نمازیوں کی گنجائش ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)

مصر میں ملک کی سب سے بڑی اور دنیا کی دوسری بڑی مسجد کا افتتاح کردیا گیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصری دارالحکومت قاہرہ کے مشرق میں 45 کلومیٹر کی مسافت پر ملک کی سب سے بڑی مسجد "مسجدِ الفتاح العلیم" کا افتتاح کردیا گیا۔ یہ مسجد حرمین شریفین کے بعد رقبے کے لحاظ سے دنیا کی دوسری بڑی مسجد ہے۔ مسجد کا افتتاح مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کیا، اس موقع پر فلسطینی صدر محمود عباس بھی موجود تھے۔



مسجد 29 ایکڑ کے وسیع رقبے پر محیط ہے، اعداد وشمار کے مطابق مسجد کا رقبہ جامعہ الازہر کی مسجد سے 10 گنا زیادہ ہے، مسجد کے 4 مینار ہیں جن کی بلندی 90 میٹر ہے، مسجد کے صحن میں 33 میٹر قطر کا ایک مرکزی گنبد ہے جس کی بلندی 28 میٹر ہے اور اس کے علاوہ 4 ثانوی گنبد بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔

اس کے اندرونی سُتونوں کی بلندی 45 میٹر ہے اور ایک ستون کی بنیاد میں 500 مکعب میٹر کنکریٹ کا استعمال کیا گیا ہے، یہ مقدار ایک 7 منزلہ رہائشی عمارت کے منصوبے کے لیے کافی ہوتی ہے۔ مسجد کا مرکزی گنبد مشرق وسطی میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا گنبد شمار ہو گا۔



مسجد میں مجموعی طور پر 17 ہزار کے قریب نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد میں 5 مرکزی داخلی دروازے ہیں، جن میں سے3 مردوں کے لیے اور 2 خواتین کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

مسجد میں "آسمانی پیغامات" کے نام سے ایک میوزیم اور حفظ قرآن کا مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جب کہ مسجد میں 300 بستروں پر مشتمل ایک رفاہی اسپتال کے علاوہ تقریبات اور جنازوں کے لیے 2 بڑے ہال بھی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں