چیمپئنزٹرافی 2013 پاکستان اوربھارت 15جون کو صف آرا ہونگے

آئی سی سی نے الوداعی ایونٹ کا پروگرام جاری کردیا، آسٹریلیا اعزاز کا دفاع کرے گا


Sports Desk August 22, 2012
آئی سی سی نے الوداعی ایونٹ کا پروگرام جاری کردیا، آسٹریلیا اعزاز کا دفاع کرے گا ۔ فوٹو: اے ایف پی

آئندہ برس انگلینڈ میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے الوداعی ایونٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 15جون کو ہوگا، دونوں ایشین کرکٹ سپرپاورز کو پول ''بی'' میں جگہ دی گئی ہے، ان کے ساتھ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز بھی ہیں، گروپ 'اے' میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا سمیت میزبان انگلینڈ، سری لنکا اور نیوزی لینڈ کو رکھا گیا ہے، شو پیس ایونٹ کا افتتاحی میچ 6 جون کو کارڈف میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائیگا، منگل کو آئی سی سی نے ایونٹ کا پروگرام جاری کردیا۔

جس کے مطابق گرین شرٹس اپنی مہم کی شروعات 7 جون کو اوول میں ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ سے کرینگے، 8 جون کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ایجبسٹن میں صف آرا ہوں گی، اس سے اگلے دن سری لنکا کا کارڈف میں نیوزی لینڈ سے میچ طے کیاگیا ہے، قومی ٹیم کی دوسری آزمائش جنوبی افریقہ سے ایجسٹن میں 10 جون کو ہوگی، 11 تاریخ کو بھارت سے ویسٹ انڈیز کا سامنا اوول میں ہوگا۔ اگلے دو روز میں بالترتیب آسٹریلیا بمقابلہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ بمقابلہ سری لنکا میچز ہوں گے جبکہ 14 جون ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے میچ کا دن ہے۔

16اور17 تاریخ کو بالترتیب انگلینڈ کا نیوزی لینڈ اور سری لنکا کا آسٹریلیا سے میچ شیڈول ہے۔سیمی فائنل19 اور20 جون کو کھیلے جائیں گے، فائنل دو روز وقفے کے بعد 23 تاریخ کو ایجبسٹن میں ہوگا، ایونٹ میں آئی سی سی ٹاپ 8 ون ڈے رینکنگ ٹیموں نے جگہ پائی ہے۔ واضح رہے کہ ون ڈے چیمپئنز ٹرافی کا یہ آخری ایونٹ ہوگا، کیونکہ 2013 کے بعد جاری کیے جانے والے فیوچر ٹور پروگرام میں اس کی جگہ ٹوئنٹی 20 ایونٹ کو دے دی گئی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں