پشاورمیں آئی جی اسلام آباد کی بہو کے قتل میں گرفتار ملزمان کا اعتراف جرم سے انکار

آئی جی اسلام آباد بن یامین کی بہو وحیدہ بی بی 19مئی کو پشاورمیں واقع اپنے میکے میں پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئی تھیں

عدالت نے ملزم خالد اور اسکی بیوی کو جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل بھجوادیا۔ فوٹو: فائل

آئی جی اسلام آباد پولیس کی بہو کے قتل میں گرفتار ملزمان نے عدالت میں اعتراف جرم سے انکار کردیا، عدالت نے میاں بیوی کو جیل بھجوادیا۔


پشاورپولیس نے آئی جی اسلام آباد پولیس بن یامین کی بہو وحیدہ خان قتل کیس میں گرفتار ملزم اور وحیدہ کے بھائی خالد اور بھابھی کو 2 روزہ ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد مقامی عدالت میں پیش کردیا جہاں دونوں ملزمان نے اعتراف جرم کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد عدالت نے ملزم خالد اور اس کی بیوی کو جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل بھجوادیا۔

واضح رہے کہ آئی جی اسلام آباد پولیس بن یامین کی بہو وحیدہ بی بی عرف پلوشہ 19 مئی کو پشاور میں واقع اپنے میکے میں پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئی تھیں، جس کے بعد مقتولہ کے بھائی خالد خان اور اس کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا گیا تھا، پوسٹ مارٹم پورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ وحیدہ بی بی کی موت تشدد یا زہر سے نہیں بلکہ دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی جس کے بعد پولیس نے 10جولائی کو تھانہ یو نیورسٹی ٹاؤن میں کیس کی ایف آئی آر درج کرکے مقتولہ کے بھائی خالد اور اس کی بیوی فوزیہ کو گرفتار کرلیاتھا۔

Recommended Stories

Load Next Story