
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن چینی صدر کی دعوت پر چین کے 4 روزہ دورے پر بیجنگ پہنچے جہاں انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، شمالی کوریا کے رہنما اپنی اہلیہ اور اعلیٰ عہدے داروں کے ساتھ 10 جنوری تک چین میں قیام کریں گے۔
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے دورہ چین کا مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ دوسری ملاقات کے لیے مذاکرات کرنا ہے، اس کے علاوہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن عالمی پابندیوں میں نرمی کے لیے بھی بیجنگ کی مدد چاہتے ہیں۔
شمالی کوریا کے رہنما نے چین کے غیر اعلانیہ دورے کے لیے اسی ٹرین پر چین پہنچے جس میں ان کے والد 2011 میں چین اور روس کا دورہ کیا تھا۔ اس ٹرین پر بھی ایک پیلے رنگ کی پٹی ہے اور یہ کم جونگ اُن کے زیر استعمال رہتی ہے۔
جنوبی کوریا کے ایک رپورٹر نے ایک ٹرین کی سرحد عبور کرنے کی خبر دی تھی۔ اس ٹرین کے اطراف سخت سیکیورٹی تھی جب کہ ٹرین کی روانگی سے قبل اسٹیشن کے نزدیکی ہوٹل پر بھی سخت پہرہ تھا اور کسی کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کا گزشتہ ایک سال کے دوران چین کا یہ چوتھا دورہ ہے جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلی بار گزشتہ برس جون میں کم جونگ اُن سے ملے تھے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔