ٹیسٹ رینکنگ پاکستان کی چوتھی پوزیشن کیلیے بھارت خطرہ نہیں

کیویزکیخلاف سیریزجیت کردھونی الیون کا نمبر 5 رہے گا البتہ ناکامی پر تنزلی یقینی


Sports Desk August 22, 2012
کیویزکیخلاف سیریزجیت کردھونی الیون کا نمبر 5 رہے گا البتہ ناکامی پر تنزلی یقینی (فوٹو : اے ایف پی )

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعرات سے شروع ہونے والی دو ٹیسٹ سیریز کے نتائج سے پاکستان کی موجودہ چوتھی پوزیشن کو کوئی فوری خطرہ نہیں ہے، قومی ٹیم 109 ریٹنگ پوائنٹس رکھتی ہے جبکہ پانچویں نمبر پر فائز بھارت کے ریٹنگ پوائنٹس 104 ہیں، سیریز کے دونوں میچز جیتنے پر بھی دھونی الیون کے پوائنٹس 2 اضافے کے ساتھ 106 ہوجائیں گے جبکہ کیویز موجودہ 80 میں سے 7 پوائنٹس گنوانے کے باوجود آٹھویں نمبر پر ہی رہیں گے، تاہم سیریز 1-1 سے برابر ہوجانے پر بھارت تین پوائنٹس کھوبیٹھے گا جبکہ مہمان کیویز اتنے ہی پوائنٹس حاصل کرلیں گے۔

روز ٹیلر الیون دونوں میچز جیت جانے پر بھارت ایک درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر جاسکتا ہے اور ان کی پوزیشن سری لنکا کو مل سکتی ہے، البتہ کیویز 9 پوائنٹس لیکر ساتویں نمبر پر براجمان ویسٹ انڈیز سے اپنے پوائنٹس کا فرق کم کرلیں گے۔ پاکستان کے اظہر علی 2درجے بہتری کے بعد ٹاپ 10میں شامل ہوگئے، ان کی پوزیشن نمبر9 ہے، یونس بھی ایک قدم آگے بڑھکر 8ویں نمبر پر فائز ہوگئے، مصباح حسب سابق 14ویں نمبر پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کیخلاف لارڈز ٹیسٹ میں 51رنز سے فتح کے بعد جنوبی افریقہ کے نمبرون ٹیم بننے کے بعد پروٹیز کرکٹرز کی عالمی درجہ بندی میں بھی نمایاںبہتری آگئی،ورنون فلینڈر نے کیریئر کی بہترین دوسری پوزیشن لیتے ہوئے پاکستانی اسپنر سعید اجمل کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا، ڈیل اسٹین بدستور نمبرون بنے ہوئے ہیں، انھوں نے دوسری باری میں 5وکٹیں لیکر لارڈز میچ میں اپنے شکاروں کی تعداد7کی، سیریز کے بہترین پلیئر قرار پانے والے جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملا نے ایک مرتبہ پھر دوسری پوزیشن پالی، پال ڈومینی 7 درجے بہتری کے ساتھ 53ویں نمبر پر آگئے۔

انگلش بیٹسمین جونی بیری اسٹو نے 101درجے ترقی کے بعد 69ویں پوزیشن پائی، قبل ازیں لارڈز میں فتح کیلیے 346 رنز کا تعاقب کرنے والی میزبان انگلش ٹیم کی ہمت 294 پر جواب دے گئی، میٹ پرائر73،جوناتھن ٹروٹ 63 ، بیری اسٹو54 اور سوان 41رنز بناکر نمایاں رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں