سندھ حکومت ختم کرنے کی کوشش کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے رضا ربانی

نواز حکومت اپنے قیام کے بعد سے غیر آئینی اقدامات کر رہی ہے، سینیٹر رضا ربانی


ویب ڈیسک July 13, 2013
گیس کی کٹوتی کے باعث سندھ بھر میں گیس لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہورہا ہے جو کسی بھی طرح صحیح نہیں، رضا ربانی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کارڈ کو دوبارہ زندہ کرنا نہیں چاہتی لیکن اگر سندھ حکومت کوختم کرنے یاون یونٹ کرنے کی کوشش کی گئی تواس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ چوری چھپے منظر عام پر آگئی ہے اس لئے بہتر ہوگا کہ حکومت اسے سرکاری طور پر منظر عام پر لے آئے تاکہ تمام ابہام ختم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ چین میں صرف پنجاب کے وزیر اعلیٰ ان کے ہمراہ تھے، حکومتی رویےسے محسوس ہورہا ہے کہ جیسے ملک ایک بار پھر ون یونٹ کی طرف گامزن ہے اگر یہ ہوا تو اس کے سنگین نتائج نکلیں گے ۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی سابق حکومت سے بھی کئی غلطیاں ہوئی ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اسے جاری رہنا چاہئے، نواز حکومت اپنے قیام کے بعد سے غیر آئینی اقدامات کر رہی ہے، عوام پر ایکسائز ڈیوٹی آف سروسز عائد کیا گیا ہے جو ماضی میں کبھی سنا نہیں گیا، 18ویں ترمیم کے بعد وفاق اب صوبے میں براہ راست مداخلت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ، سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کو 90 ملین کیوبک میٹر گیس فراہم کرتی تھی جسے اب 110 کیوبک کر دیا گیا ہے، گیس کی کٹوتی کے باعث سندھ بھر میں گیس لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہورہا ہے جو کسی بھی طرح صحیح نہیں۔

سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے کہ سیاسی فیصلے اداروں میں سیاسی قیادتوں کو کرنا چاہئے، مشترکہ مفادات کونسل آئینی طور پر کسی بھی طرح وفاقی کابینہ سے کم حیثیت کی حامل نہیں لیکن ایک ماہ سےزائد عرصہ گزرنے کے باوجود مشترکہ مفادات کونسل کا قیام عمل میں نہیں لایا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں