ورلڈ ٹی 20 انگلش اسکواڈ کا اعلان پیٹرسن کا پتا صاف

ٹیم میں واپسی سے قبل پیٹرسن کو ٹیکسٹ پیغامات کا معاملہ کلیئر کرنا ہوگا، فلاور


Sports Desk August 22, 2012
انگلش بیٹسمین پیٹرسن کا فائل فوٹو، وہ تمام تر کوششوں کے باوجود ورلڈ ٹی 20 اسکواڈ میں شامل نہیں ہوسکے (فوٹو : ایکسپریس)

کیون پیٹرسن کی جانب سے معافی اور تمام فارمیٹس کیلیے دستیابی بھی کسی کام نہیں آئی ان کو ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ کیلیے منتخب نہیں کیا گیا، ان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ میچز کیلیے بھی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا،گذشتہ ہفتے انھیں ٹیکسٹ میسجز تنازع پر جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے بھی باہر کردیا گیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دوبرس قبل پیٹرسن نے ہی اپنی ٹیم کو ٹوئنٹی 20 چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، ان کو عمدہ کارکردگی پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا، چیف سلیکٹر جیف ملر کا کہنا ہے کہ پیٹرسن کا مستقبل بدستور زیر غور ہے اس لیے فی الحال ان کی سلیکشن پر کوئی غور نہیں کیا گیا۔

انگلش ٹی 20 اسکواڈ میں اوپننگ بیٹسمین مائیکل لمب اور آل رائونڈر لیوک رائٹ کی واپسی ہوئی ہے۔ اسکواڈ کپتان اسٹورٹ براڈ، جونی بیئر اسٹو، روی بوپارا، ٹم بریسنن، ڈینی برگز، جوز بٹلر، جیڈ ڈیرن بیچ، اسٹیون فن، الیکس ہالیس، کریگ کیسویٹر، مائیکل لمب، ایوان مورگن، سمت پٹیل، گریم سوان اور لیوک رائٹ پر مشتمل ہے۔دریں اثنا انگلش کوچ اینڈی فلاور نے واضح کیا ہے کہ کیون پیٹرسن کو ٹیم میں واپسی سے قبل ٹیکسٹ میسجز کا معاملہ صاف کرنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ میں پیٹرسن کے بارے میں کوئی بات یقینی طور پر نہیں کہہ سکتا مگر اس کو لازمی طور پر یہ بتانا ہوگا کہ اس نے حریف جنوبی افریقی کھلاڑیوں ابراہم ڈی ویلیئرز اور ڈیل اسٹین کو بھیجے گئے میسجز میں کیا لکھا ہے، اس کے بعد ہی معاملہ آگے بڑھ سکتا ہے،اینڈی فلاور نے کہا کہ ہمیشہ کچھ ایسی چیزیں ہوتی ہیں جن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا اور ہمیں حال ہی میں یہ چیزیں دیکھنے کو ملی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |