کراچی ائرپورٹ سے مال چراکر زینب مارکیٹ میں بیچنے والا گروہ گرفتار

ہزاروں روپے کی پینٹس زینب مارکیٹ میں چند سو میں فروخت کی گئیں، پولیس


ویب ڈیسک January 08, 2019
ہزاروں روپے کی پینٹس زینب مارکیٹ میں چند سو میں فروخت کی گئیں، پولیس فوٹو:فائل

کراچی ایئرپورٹ میں منظم چور گروہ کے سرگرم ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس نے نامور ٹیکسٹائل کمپنی کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

کمپنی نے چوری کا مقدمہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج کروا دیا ہے جس کے مطابق اس کا ایکسپورٹ مال 6 ماہ سے ایئرپورٹ سے چوری ہورہا تھا۔ پولیس کے مطابق ٹیکسٹائل کمپنی پینٹس تیار کرکے یورپ بھیجتی ہے، اسے 6 ماہ سے یورپ سے شپمنٹ میں مال کم نکلنے کی شکایت آرہی تھی، جب تحقیقات کی گئیں تو چوری میں منظم گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا جس میں ایئرپورٹ پولیس کا اہلکار اور کارگو کا ملازم بھی شامل ہے، یہ گروہ ایکسپورٹ شپمنٹ سے مال نکال کر کراچی کی مارکیٹ میں فروخت کرتا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ اس کیس میں زینب مارکیٹ کے دکاندار سمیت 3 ملزم گرفتار ہیں، لیکن ایئرپورٹ پولیس کے اہلکار جاوید نے ضمانت قبل از گرفتاری کروالی ہے اور کارگو کا ملازم یاسر روپوش ہوگیا ہے۔

چھ ماہ میں ٹیکسٹائل کمپنی کا 1 کروڑ روپے سے زائد کا مال چوری ہوا، کمپنی کی ایک پینٹ کی قیمت 3 سے 4 ہزار روپے تھی اور چور گروہ مارکیٹ میں دکانداروں کو 550 روپے کی ایک پینٹ بیچ رہا تھا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دکانوں سے 334 پینٹ اور ایک لاکھ 17 ہزار روپے کی رقم برآمد کرلی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں