چین میں مستقل نہ کرنے پر مشتعل ملازم کا اسکول پر حملہ 20 بچے زخمی

حملہ آور اسکول کا چوکیدار تھا جسے عارضی مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے باوجود مستقل نہیں کیا گیا تھا


ویب ڈیسک January 08, 2019
اسپتال کے باہر بڑی تعداد میں پولیس کی نفری تعینات ہے۔ فوٹو : فائل

چین کے ایک پرائمری اسکول میں ملازمت مستقل نہ کرنے پر مشتعل چوکیدار نے چھریوں سے وار کر کے 20 بچوں کو زخمی کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے ایک پرائمری اسکول میں حملہ آور شخص نے تیز دھار چاقو کے وار کر کے 20 بچوں کو زخمی کردیا۔ پولیس نے چاقو بردار حملہ آور شخص کو حراست میں لے لیا۔

چاقو کے وار سے زخمی بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 3 بچوں کی گہرے زخم آنے کے باعث حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ معمولی زخمی بچوں کو طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

اسکول اور اسپتال کے باہر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور کسی کو بھی اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ میڈیا کو حملہ آور اور زخمی بچوں سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہے۔

دوسری جانب ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور اسکول کا چوکیدار تھا اور اسےعارضی مدت ملازمت مکمل ہونے کے باوجود بھی مستقل نہیں کیا جا رہا تھا جس پر مشتعل ہوکر اسکول کے بچوں پر حملہ کردیا۔

واضح رہے کہ جنوری 2017 میں بھی اپنے ہمسائے سے پریشان اور زندگی سے ناخوش چاقو بردار ملزم نے اسکول پر حملہ کرکے 12 بچوں کو زخمی کردیا تھا۔ ملزم کو رواں ماہ پھانسی دے دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں