ریاست مدینہ کے سوال پر فیاض الحسن چوہان میڈیا پر بھڑک اٹھے

صحافیوں نے میڈیا کیخلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر احتجاج کیا

صحافیوں نے میڈیا کیخلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر احتجاج کیا فوٹو:فائل

پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان ریاست مدینہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر سیخ پا ہوگئے۔ انہوں نے صحافیوں کو نازیبا الفاظ سے نوازا اور الحمرا آرٹ کونسل میں منعقدہ تقریب سے رخصت ہوگئے۔

وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان الحمرا آرٹ کونسل میں جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد کی یاد میں سجائی گئی تصویروں کی نمائش میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے قاضی حسین احمد کے خواب کو وزیراعظم عمران خان پورا کریں گے، جرات اور ہمت کے بغیر کوئی لیڈر نہیں بنتا، قاضی حسین احمد اور عمران خان کا ایک ہی موقف ہے، عمران خان ان کے نقشے قدم پر ہی عمل پیرا ہوں، پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنایا جائیگا ، قاضی حسین کا نام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔

ایک صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ آپ کی حکومت پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کا دعوی کررہی ہے لیکن امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کہتے ہیں کہ ریاست مدینہ کا وعدہ کھوکھلا نعرہ ثابت ہوا ہے اور اس جانب عملی طور پر کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ اس سوال کے جواب میں فیاض چوہان برہم ہوگئے اور میڈیا کو نازیبا الفاظ سے نوازتے ہوئے رخصت ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل واوڈا صحافی سے الجھ پڑے


صحافیوں نے میڈیا کیخلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر احتجاج کیا اور فیاض الحسن چوہان کی گاڑی روکتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ صحافیوں نے زور دیا کہ حکومتی وزرا اپنا رویہ بہتر کریں۔



یہ بھی پڑھیں: فیاض الحسن چوہان نے ٹی وی پروگرام میں نازیبا زبان پر معذرت کرلی

واضح رہے کہ میڈیا نمائندوں کے سوالات کا سامنا کرنا تحریک انصاف کے وزرا کی برداشت سے باہر ہوگیا ہے۔ چند روز قبل وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا بزرگ صحافی سے الجھ پڑے تھے اور تلخ کلامی کی تھی جس پر دیگر صحافیوں نے احتجاج کرتے ہوئے پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔
Load Next Story