کپتان سرفراز کو موقع ملنا چاہیے جبکہ کوچ بدلنے سے بھی کامیابی نہیں ملے گی وسیم اکرم

جنوبی افریقا کے خلاف فخر زمان کو چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرانے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے، وسیم اکرم

جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان کی شکست پر صدمے کی ضرورت نہیں،وسیم اکرم ، فوٹو: پی پی آئی

سابق لیجنڈ اور ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم نے جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں فخر زمان کو چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے لانے کے فیصلے کو سمجھ سے بالاتر قرار دے دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان کی شکست پر صدمے کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی سارا قصور کھلاڑیوں کا ہے ، وہاں کی پچز ٹیسٹ کرکٹ کے لیے مناسب نہیں تاہم بیٹسمین بھی غیر ضروری طور پر وکٹ گنواتے رہے لیکن اوپنر فخر کو چھٹے نمبر پر کھلانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بورڈ نے سرفراز کے تیسرا ٹیسٹ نہ کھیلنے کی اطلاعات مسترد کردیں


سرفراز احمد کی کپتانی کا دفاع کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ اگر سرفراز کے سوا کوئی اور کپتان ہے تو بتادیں، سرفراز کو موقع ملنا چاہیے میری رائے ہے کہ کوچ بدلنے سے بھی کامیابی نہیں ملے گی۔

سوئنگ کے شہنشاہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے آسٹریلیا کو اسی کی سر زمین پر مات دے کر کارنامہ انجام دیاہے ویراٹ بڑا معرکہ جیتنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں، بھارت کی یہ کامیابی اس کے فرسٹ کلاس نظام کی مرہونِ منت ہے۔

ڈی ایچ اے ملتان میں کرکٹ اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ اکیڈمی کا نام وسیم اکرم کرکٹنگ اکیڈمی ہوگا جو اسٹیٹ آف دی آرٹ ہوگی جس میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، اکیڈمی قومی کرکٹ کے فروغ میں کردار ادا کرے گی اور ہفتے میں 2 دن خود کھلاڑیوں کو تربیت دوں گا۔
Load Next Story