سنجے دت کی مشہور زمانہ فلم ’نام‘ کا سیکوئل بنانے پر غور

1986ء میں بننے والی فلم ’نام‘ میں سنجے دت کے ساتھ کمار گورو اور امریتا سنگھ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے

1986ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’نام‘ میں سنجے دت کے ساتھ کمار گورو اور امریتا سنگھ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے (فوٹو: فائل)

بالی ووڈ اداکارہ و ہدایت کارہ پوجا بھٹ نے فلم 'سڑک' کے سیکوئل کے بعد سنجے دت کی مشہور زمانہ فلم 'نام' کا سیکوئل بنانے پر غور شروع کردیا۔

دو دہائی تک اداکاری کی دنیا سے دور رہنے والی پوجا بھٹ نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ 1991ء میں والد مہیش بھٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی رومانس اور تھرل سے بھرپور فلم 'سڑک' کا ایک بار پھر سنجے دت کے ساتھ سیکوئل بنانےجارہی ہیں جس میں اس بار اُن کے ساتھ عالیہ بھٹ بھی ساتھ ہوں گی۔

شائقین کی جانب سے پوجا بھٹ کے اعلان کو کافی مثبت انداز سے دیکھا گیا جس پر انہیں کافی پذیرائی بھی ملی۔ مداحوں کی خوشی ابھی اپنے عروج پر ہی تھی کہ اداکارہ نے ایک اور مشہور فلم کا سیکوئل بناکر نئے سال کو یادگار بنانے کی ٹھان لی ہے۔


بھارتی میڈیا کے مطابق پوجا بھٹ نے بتایا کہ فلم 'نام' اُن کی پسندیدہ فلموں میں سے ایک فلم ہے جوکہ اُن کے والد کی ایک جادوئی تخلیق تھی جس کا اسکرپٹ ممتاز مصنف سلیم خان نے تحریر کیا تھا۔ اداکارہ نے کہا کہ انہیں اس فلم کا ری میک بنانے کی بہت جستجو ہے تاہم اس حوالے سے مزید کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

یہ پڑھیں: فلم ''سڑک'' کے سیکوئل کا سہرا سنجے دت کوجاتا ہے، پوجا بھٹ

واضح رہے کہ 1986ء میں مہیش بھٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'نام' میں سنجے دت کے ساتھ کمار گورو، امریتا سنگھ اور پونم دھلن نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
Load Next Story