اپوزیشن جماعتوں کا پی پی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

اراکین متحدہ اپوزیشن سندھ اسمبلی کے باہر اپنی اسمبلی لگائیں گے، اسپیکر کا انتخاب بھی ہو گا

اپوزیشن جماعتوں میں تحریک انصاف، ایم کیو ایم پاکستان اورگرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس شامل فوٹو: فائل

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔


جے آئی ٹی رپورٹ، ایوان کی قائمہ کمیٹیوں کی عدم تشکیل کو لے کر سندھ اسمبلی کے اندر اور باہر بھرپور احتجاج کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں رواں اجلاس میں متحدہ حزب اختلاف نے ایوان کے باہر اپنی اسمبلی لگانے کا بھی فیصلہ کر لیا، دوسرے مرحلے میں سندھ اسمبلی کے باہر مرکزی شاہراہ پر ایوان سجایا جائے گا، باخبر ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں پی ٹی آئی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے حکومت سندھ کو جے آئی ٹی رپورٹ، قائمہ کمیٹیوں کی عدم تشکیل، عوامی مسائل، پینے کے صاف پانی کی قلت، صوبے میں بدانتظامی، کرپشن، اقربا پروری سمیت دیگر نوعیت کے مسائل پر انتہائی ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس بات کا فیصلہ منگل کے روز سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کے اہم ارکان شریک ہوئے جبکہ جی ڈی اے نے اجلاس میں ہونے والے تمام فیصلوں کی حمایت کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ اپوزیشن آج سے شروع ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوسرے دن بھرپور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل نہ ہونے پر بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، ایوان سے واک آؤٹ کرکے سندھ اسمبلی کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر احتجاج کیا جائے گا جہاں متحدہ اپوزیشن کے ارکان اپنی اسمبلی لگائیں گے، اپوزیشن کی اسمبلی میں اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی اسمبلی میں عوام کے مسائل پر بات کی جائے گی۔
Load Next Story