پاکستان کو بیرونی تجارت میں 20 ارب ڈالر کا خسارہ

گزشتہ مالی سال درآمدات 44 ارب 95 کروڑ، برآمدی حجم صرف 24 ارب 51 کروڑ ڈالر رہا

ڈالر کی قدر میں اضافے سے درآمدی مالیت بڑھ رہی ہے جو معیشت پر دباؤ ہے، ادارہ شماریات فوٹو: اے ایف پی/ فائل

توانائی کے بدترین بحران اور امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث بیرونی تجارت میں پاکستان کو 20 ارب ڈالر خسارہ ہوا۔

جون میں خسارے کی مالیت ایک ارب ڈالر سے زائد رہی۔ ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق مالی سال 2012-13 کے دوران درامدات کی مجموعی مالیت 44 ارب 95 کروڑ ڈالر رہی، جبکہ برآمدی حجم صرف 24 ارب 51 کروڑ ڈالر رہا، جس کے نتیجے میں 20 ارب 43 کروڑ ڈالر کا خسارہ سامنے آیا جو گزشتہ مالی سال اس عرصے میں21 ارب 28 کروڑ ڈالر تھا۔ صرف جون کے دوران تجارتی خسارے کی مالیت ایک ارب74 کروڑ ڈالر رہی۔




گزشتہ ماہ کے دوران 3 ارب 94 کروڑ ڈالر کی درآمدات اور صرف 2 ارب 19 کروڑ ڈالر کی برآمدات کی گئیں، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان کی مخدوش صورتحال، بجلی کے بدترین بحران، بلند شرح سود اور عالمی معاشی حالات میں ابتری کے باعث برآمدی حجم سکڑ رہا ہے۔ ڈالر کی قدر میں اضافے سے درآمدی مالیت بڑھ رہی ہے جو معیشت پر دباؤ ہے۔
Load Next Story